1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی وزیر اعلیٰ راج شیکھرکی ہلاکت کی تصدیق

3 ستمبر 2009

بھارتی ریاست آندھرپردیش کے وزیر اعلیٰ راج شیکھر رَیڈی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ نئی دہلی نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ بدھ کی صبح دارالحکومت سے ریاست کے چتور نامی ضلع کے لئے روانہ ہوئے تھے۔

https://p.dw.com/p/JO7Q
بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ راج شیکھر ریڈیتصویر: AP

ریڈی کا ہیلی کاپٹر ایک روز قبل لاپتہ ہو گیا تھا تاہم کئی گھنٹوں بعد ریاست کے پہاڑی علاقے میں تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ تلاش کر لیا گیا۔ اس حادثے میں وزیراعلیٰ کے علاوہ دیگر چار افراد بھی ہلاک ہو گئے۔ ہیلی کاپٹر کی تلاش کے کام میں گیارہ ہیلی کاپٹر اور طیارے استعمال کئے گئے جب کہ دو ہزار سیکیورٹی اہلکاروں نے تلاش کے اس کام میں حصہ لیا۔ ساٹھ سال ریڈی کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے مضبوط سیاستدان سمجھے جاتے تھے اور رواں برس ہونے والے انتخابات میں انہوں نے مسلسل دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی۔ حکومت کی جانب سے اس حادثے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔

کل صبح پرواز کے ایک گھنٹے بعد ہی وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کا کنٹرول روم سے رابطہ ٹوٹ گیا تھا۔ اس سے قبل خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر نے نالامالائی کےگھنے جنگلات میں ہنگامی لینڈنگ کی ہو یا پھر ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

آندھرا کے چتور ضلع میں مسلح نکسل باغیوں کا بھی خاصا اثر ہے۔ بعض رپورٹوں میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا تھا کہ کہیں مسلح باغیوں نے وزیر اعلیٰ کو اغوا نہ کیا ہو تاہم نکسلیوں کی طرف سے اس حوالے سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

Indiens Rote Armee
نکسل باغیوں پر وزیر اعلیٰ کے اغوا کا شبہتصویر: AP

سرچ آپریشن کے حوالے سے حیدر آباد میں مقیم ٹیلی وژن صحافی فرزان احمد نے بتایا کہ بدھ کی رات ریاستی پولیس اور نیم فوجی دستے سی آر پی ایف کے تقریباً کئی ہزار اہلکاروں نے سرچ آپریشن میں حصّہ لیا۔ فرزان احمد کے مطابق خراب روشنی اور بارش کی وجہ سے تلاشی کے کام پر مامور فوجیوں کو دقت کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی صحافی فرزان نے بتایا کہ چتور ضلع کو باغیوں کا گڑھ بھی تصور کیا جاتا ہے۔’’ یہاں مقامی ذرائع ابلاغ میں ایسی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ کہیں نکسل باغیوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ راج شیکھر ریڈی کو اغوا نہ کرلیا ہو تاہم ابھی تک باغی اس حوالے سے خاموش ہیں۔‘‘ فرزان نے مزید بتایا کہ پورے ملک کی ٹیلی وژن چینلز پر راجشیکھر ریڈی کے لاپتہ ہونے کو سب سے بڑی خبر کے طور پر نشر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: ندیم گِل