1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ: ڈنکن فلیچر

27 اپریل 2011

جنوبی افریقہ کے سابق مایہ ناز کھلاڑی گیری کرسٹن نے ورلڈ کپ کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریوں کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ اب ان کی جگہ ڈنکن فلیچر کو نیا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/114Zn
ڈنکن فلیچر:فائل فوٹوتصویر: AP

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈنکن اینڈریو فلیچر کو دو سال کا کنٹریکٹ پیش کیا گیا ہے۔ باسٹھ سالہ فلیچر زمبابوے کے سابق کرکٹر اور انگلینڈ کی قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں۔ وہ سن 1983 میں کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران زمبابوے کے کپتان تھے۔

نئے کوچ کا انتخاب بھارتی کرکٹ بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ ورکنگ کمیٹی کے اسی اجلاس میں بالنگ کوچ ایرک سیمنز کے کنٹریکٹ میں توسیع کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ کی جانب سے فلیچر کے انتخاب کا اعلان سیکریٹری این سری نواسن ( N Srinivasan) نے کیا۔

فلیچر کا بطور کوچ انتخاب جنوبی افریقی کرکٹر گیری کرسٹن کی جانب سے تین سالہ کوچنگ کنٹریکٹ مکمل ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ کرسٹن نے اپنے کنٹریکٹ میں مزید توسیع قبول نہیں کی تھی۔ ایسے امکانات سامنے آئے ہیں کہ کرسٹن اپنے ملک جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کوچ مقرر کیے جا سکتے ہیں۔

World Cup Cricket 2011 Finale Indien Sri Lanka Flash-Galerie
کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیمتصویر: AP

ڈنکن فلیچر کے کوچنگ کریڈٹ پر سن 2005 میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے خلاف روایتی ایشز سیریز میں انگلینڈ ٹیم کی شاندار کامیابی شامل ہے۔ انگلینڈ نے انیس سال بعد ایشز سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نےانگلینڈ ٹیم کو پہلے ناصر حسین اور پھر مائیکل وان کی کپتانی میں ایک وننگ کمبینیشن میں ڈھال دیا تھا۔ وہ انگلش ٹیم کے پہلے غیر ملکی کوچ تھے اور انہیں سن 1999 میں اس منصب پر فائزکیا گیا تھا۔ سن 1999 میں انگریز کرکٹ ٹیم مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث عالمی درجہ بندی میں خاصی نیچے چلی گئی تھی۔

بھارتی بورڈ کے سیکریٹری این سری نواسن کے مطابق نئے کوچ کواپنے فرائض کا آغاز جون سے کرنا تھا لیکن وہ اپنے کچھ مسائل کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کا دورہ نہیں کر سکیں گے۔ ویسٹ انڈیز کے دورے پر بھارتی ٹیم ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کے علاوہ پانچ ایک روزہ اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔

ایسا خیال کیا جاتا ہے کہ ڈنکن فلیچر میڈیا مین نہیں ہیں۔ انگلش ٹیم کی کوچنگ کے دوران بھی میڈیا کے ساتھ ان کے تعلقات خاصے خراب رہے تھے۔ گمان کیا جا رہا ہے کہ اس باعث بھارتی ذرائع ابلاغ کے ساتھ بھی ان کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ انگلش ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے فلیچر کا بھارتی ٹیم کے لیے کوچ مقرر کرنا خوش آئند خیال کیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں