1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی کشمیر میں پانچ مشتبہ جنگجو مارے گئے

عاطف بلوچ ڈی پی اے
8 اگست 2017

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز نے پانچ مشتبہ جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ جنگجو پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے بھارتی کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش میں تھے۔

https://p.dw.com/p/2hrIx
Indien Pilger in Kaschmir, Anschlag in Amarnath
تصویر: picture-alliance/AP Photo/D. Yasin

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بھارتی حکام کے حوالے سے آج منگل آٹھ اگست کو بتایا ہے کہ گزشتہ رات ماچل فرنٹیئر سیکٹر کے نزدیک واقع لائن آف کنٹرول پر سکیورٹی فورسز اور مشتبہ جنگجوؤں کے درمیان یہ جھڑپ رونما ہوئی، جس میں پانچ جنگجو ہلاک کر دیے گئے۔ بھارتی فوج کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ان سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

بھارتی کشمیر میں لشکر طیبہ کا اعلیٰ کمانڈر ہلاک، ہنگامے شروع

بھارتی فوج کی نمازیوں پر فائرنگ، ایک کشمیری ہلاک، ایک زخمی

کشمیر میں بھارت مخالف مسلح جدوجہد جاری رہے گی، صلاح الدین

مسئلہ کشمير پر برلن میں دستاویزی فلم کی نمائش

ایک بھارتی سکیورٹی اہلکار نے سری نگر میں اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس لڑائی میں بھارتی فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا، ’’اس کارروائی میں پانچ جنگجو ہلاک ہوئے اور ہم نے اسلحہ بھی ضبط کر لیا۔‘‘

میڈیا رپورٹوں کے مطابق رواں برس کے دوران بھارتی فورسز کشمیر کے علاقے میں جنگجوؤں کی مبینہ دخل اندازی کے بائیس واقعات کو ناکام بنا چکی ہیں، جن کے نتیجے میں اڑتیس جنگجو بھی ہلاک ہوئے۔

بھارتی زیر انتظام اور پاکستانی کشمیر کے درمیان لائن آف کنٹرول پر صورتحال کشیدہ قرار دی جاتی ہے۔

نئی دہلی کا الزام ہے کہ پاکستان میں موجود جنگجو بھارتی علاقوں میں داخل ہو کر پرتشدد کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔ تاہم اسلام آباد حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔

پاکستانی حکام ان جنگجوؤں کو ’حریت پسند‘ قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسندی کی تحریک کے نتیجے میں اب تک ہزارہا افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔ پاکستان اور بھارت دونوں ہی اس پورے متنازعہ علاقے پر اپنا اپنا حق جتاتے ہیں۔