1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتیہ جنتا پارٹی کو دہلی میں شکست کا سامنا

جاوید اختر، نئی دہلی
11 فروری 2020

تجزیہ کاروں کے مطابق ووٹرز نے بی جے پی کی مذہبی تقسیم اور فرقہ وارانہ سیاست کو رد کیا، البتہ اسے پچھلے الیکشن کے مقابلے میں کچھ زیادہ سیٹیں ملتی نظر آرہی ہے۔

https://p.dw.com/p/3Xa48
Indien Wahlen Arvind Kejriwal AAP
تصویر: Reuetres/A. Mukherjee

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گو دہلی کے انتخابی نتائج سے مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا لیکن بھارتی جمہوریت پر اس کے بہتر اثرات مرتب ہوں گے۔

دہلی کی ستر رکنی اسمبلی کے حتمی نتائج آج شام تک متوقع ہیں۔

بی جے پی نے اس مرتبہ دہلی کے عوام کو درپیش مسائل کی بجائے متنازع شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شاہین باغ میں تقریباً دو ماہ سے جاری خواتین کے دھرنے کو اپنی انتخابی مہم کی بنیاد بنایا۔

بی جے پی اس معاملہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کرتی نظر آئی اور مظاہرے میں شامل خواتین پر غلط قسم کے الزامات لگائے۔وزیر داخلہ امیت شاہ نے دہلی کے الیکشن کو 'شاہین باغ بمقابلہ وزیر اعظم مودی' اور وزیراعظم مودی نے اسے 'جمہوریت بمقابلہ شاہین باغ' قرار دیا۔

Indien Wahlen in Delhi
تصویر: DW/A. Ansari

دوسری طرف عام آدمی پارٹی نے پچھلے پانچ برسوں کے دوران اپنے کام کی بنیاد پر لوگو ں سے ووٹ مانگے۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال کے ان اقدامات تحت لوگوں کو مفت میں بجلی اور پانی کی سہولت حاصل ہے جب کہ خواتین دہلی حکومت کی بسوں میں مفت سفر کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی حکومت نے محلہ کلینک کے نام سے شفاخانے کھولے جہاں شہریوں کو دوائیں مفت ملتی ہیں۔

دارالحکومت دہلی کو خصوصی انتظامی حیثیت حاصل ہے۔ یہاں پولیس کا محکمہ مرکزی وزارت داخلہ کے تحت آتا ہے۔ جب کہ اصل انتظامی سربراہ لفٹننٹ گورنر ہوتا ہے۔ جس کی تقرری مرکزی حکومت کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بیشتر معاملات میں دہلی حکومت اور مرکز کے درمیان ٹکراؤ کی صورت پیدا ہوجاتی ہے۔

Indien Shaheen Bagh aus Kolkata
تصویر: DW/S. Bandopadhyay

گذشتہ اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو 67نشستیں ملی تھیں اور بی جے پی صرف تین سیٹوں تک محدود ہو کر رہ گئی تھی۔

اس سے صرف چند ماہ قبل2014کے عام انتخابات میں نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی نے زبردست کامیابی حاصل کی تھی اور پہلی مرتبہ اپنے بل بوتے پر ہندو قوم پرست جماعت کی حکومت قائم ہوئی تھی۔

اس الیکشن میں بی جے پی نے کسی کو وزیر اعلی کے طورپر پیش نہیں کیا تھا۔ عام آدمی پارٹی نے اس کا بھی فائدہ اٹھایا اور عوام کو یہ باور کرانے میں کامیاب رہے کہ بی جے پی کے پاس وزیر اعلی کے عہدہ کے لائق کوئی لیڈر نہیں لہذا ووٹر کس پر بھروسہ کریں۔