بھینسوں کے کھلے عام دوڑنے کا پاپمپلونا فیسٹول شروع ہو گیا
8 جولائی 2017تاریخی ہسپانوی شہر پامپلونا کے علاقے سان فیرمِن کے بازاروں اور گلیوں میں بھینسوں کے دوڑ کے اس فیسٹول میں اب تک دس افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا جا چکا ہے۔ یہ فیسٹول ہر سال چھ جولائی کی دوپہر میں شروع ہوتا ہے لیکن بھنیسوں کے کھلے عام بھاگنے کا سلسلہ سات جولائی کی صبح سے شروع ہو کر چودہ جولائی تک جاری رہتا ہے۔
اس فیسٹول کے سات ایام میں بھینسوں کے کھلے عام بھاگنے کا ایک مرحلہ تین سے پانچ منٹ پر مشتمل ہوتا ہے۔ ایک دن میں مختلف الاوقات پر آٹھ مرتبہ ایک سو کے قریب بھینسوں کو شہر کی تنگ گلیوں میں کھلا چھوڑا جاتا ہے۔
آج آٹھ جولائی بروز ہفتہ کی صبح میں ایک بھینسے نے ایک شخص کی پیٹھ میں سینگ گھونپ دیا اور ایک دوسرے بیل کی سینگوں میں ایک شخص کا بازو آ گیا۔ ان دونوں زخمیوں کو فوری طور پر سکیورٹی اہلکاروں نے بھینسوں کے چنگل سے بچا کر ہسپتال پہنچا دیا۔ سات جولائی سے لے کر اب تک کم از کم دس افراد کو بھینسوں کے سینگوں اور ٹکروں سے شدید ضربیں پہنچی ہیں۔
سان فیرمِن کے بُل فیسٹول کے خلاف جانوروں کے تحفظ کی غیر سرکاری بین الاقوامی تنظیم پیٹا (PETA) پوری طرح کمر کسے ہوئے ہے۔ کئی سماجی اور ثقافتی ماہرین کو خدشہ لاحق ہے کہ یہ تاریخی فیسٹول اگلے برسوں میں مکمل بندش کا شکار ہو سکتا ہے کیونکہ جانوروں کے تحفظ کی تنظیم کے حق میں عوامی رائے تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ اس تنظیم کا نعرہ ہے’’ بغیر خون کے سان فیرمِن‘۔ اس فیسٹول میں یورپ بھر سے دس لاکھ کے قریب شائقین شریک ہوتے ہیں۔