1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی تجاویز، پاکستانی بورڈ کے تحفظات

14 جولائی 2011

پاکستانی کرکٹ بورڈ نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی طرف سے ملکی کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کے لیے تجویز کی گئی رپورٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس رپورٹ میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔

https://p.dw.com/p/11uuB
پی سی بی نے آئی سی سی کی رپورٹ کو مسترد کر دیا ہےتصویر: AP

پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو بحال کرنے کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ’پاکستان ٹاسک ٹیم‘ نامی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس کا کام پاکستان میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کے بارے میں معلومات اکٹھی کر کے اس میں بہتری کی تجاویز پیش کرنا تھی۔ اس کمیٹی نے 63 صفحات پر مشتمل ایک رپورٹ ترتیب دی، جس میں پاکستانی کرکٹ بورڈ کو بہت سے مشورے دیے گئے۔ ان مشوروں میں پاکستانی کرکٹ بورڈ کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی سے لے کر بھارت کے ساتھ کرکٹ کے آغاز پر زور دیا گیا تھا۔

تاہم پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئر مین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ ان کے بورڈ نے اس رپورٹ میں کچھ خرابیاں نوٹ کی ہیں، جن کی نشاندہی کر کے اسے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کو واپس بھیجوا دیا گیا ہے تاکہ وہ انہیں درست کرے۔ تاہم اعجاز بٹ نے کہا کہ پاکستان ٹاسک ٹیم کی نیت پر کسی ممبر نے سوال نہیں اٹھایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا’’مجھے امید ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ بورڈ ہماری طرف سے پیش کردہ ان تحفظات کو مثبت طریقے سے لے گا‘‘۔

Indien Cricket WM 2011 Halbfinale Indien Pakistan
اس رپورٹ میں پاکستان کو بھارت کے ساتھ کرکٹ کے آغاز کا مشورہ دیا گیا ہےتصویر: AP

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی طرف سے پیش کردہ اس رپورٹ میں جو تجاویز دی گئی ہیں، اس پر عملدرآمد ضروری نہیں ہے۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ کے بقول اس رپورٹ میں ایسے اقدامات تجویز نہیں کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا دوبارہ آغاز ہو سکے۔ بورڈ نے کرکٹ کے عالمی ادارے پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ سیریز کروانے کے لیے اپنی کوششوں کو مؤثر بنائے۔

پاکستانی کرکٹ بورڈ نے پاکستان ٹاسک ٹیم کی طرف سے پیش کردہ اس تجویز کو بھی رد کر دیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کا سربراہ صدر کی طرف سے نامزد نہیں کیا جانا چاہیے۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ پاکستان کے حالات دیگر ممالک کے مقابلے میں مختلف ہیں اور یہاں کرکٹ میں حکومت کی براہ راست مداخلت ضروری ہے،’ حکومت کی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہے کہ یہاں بین الاقوامی کرکٹ کا دوبارہ سے آغاز ہو سکے‘۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں