1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل کے شہری فوجی مراکز سے دور رہیں، طالبان کا انتباہ

21 مئی 2018

افغانستان میں طالبان نے ایک آن لائن بیان کے ذریعے دارالحُکومت کابل کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوجی اور خفیہ اداروں کے مراکز سے دور رہیں۔ بیان کے مطابق افغان طالبان کابل میں نئے حملوں کی تیاری کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2y3kq
Afghanistan Selbstmordattentat auf Militärbasis in Kabul
طالبان نے موسم بہار کے سالانہ حملوں کے سلسلے میں کابل میں فوجی مراکز اور عسکری تنصیبات پر تازہ حملوں کا انتباہ دیا ہےتصویر: Getty Images/AFP/W. Kohsar

افغانستان میں طالبان اس طرح کے انتباہ پہلے بھی شہریوں کو جاری کرتے رہے ہیں۔ ابھی ایک ہفتہ قبل ہی مغربی شہر فراہ پر کنٹرول کی ناکام کوشش سے پہلے بھی ایک ایسی وارننگ جاری کی گئی تھی لیکن کابل کے شہریوں کے لیے ایسا انتباہی بیان پہلی مرتبہ جاری کیا گیا ہے۔

یہ وارننگ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری اُس بیان کے بعد دی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ کابل، جہاں جہادی گروپ داعش بھی اپنے قدم مضبوط کر رہا ہے، ملک بھر میں شہریوں کے لیے خطرناک ترین شہر بن گیا ہے۔

طالبان نے موسم بہار کے سالانہ حملوں کے سلسلے میں کابل میں فوجی مراکز اور عسکری تنصیبات پر تازہ حملوں کا انتباہ دیا ہے۔ طالبان نے ایک آن لائن بیان میں لکھا، ’’شہریوں کو ہلاکتوں سے بچانے اور صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی غرض سے ہم نے کابل کے رہائشیوں کو عسکری مراکز سے دور رہنے کو کہا ہے۔ ہم کسی ایک بھی معصوم شہری کی ہلاکت نہیں چاہتے۔‘‘

Kabul Anschlag 01.10.2014
تصویر: Reuters/Omar Sobhani

تاہم سیاسی اور عسکری تجزیہ نگار نیک محمد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ طالبان کا یہ بیان محض پروپیگنڈا ہے۔ نیک محمد کے مطابق، ’’طالبان کی جانب سے فوجی مراکز پر حملہ خواہ وہ معمولی نوعیت ہی کا کیوں نہ ہو، شہریوں کو نقصان پہنچائے گا کیونکہ یہ تنصیبات شہر کے مرکز میں ہیں جو رہائشی علاقوں سے بہت قریب ہیں۔‘‘

افغان دارالحکومت کابل ملک کے دیگر حصوں اور دوسرے ممالک سے واپس آنے والے مہاجرین سے بھرا ہوا ہے جو نوکری اور سکیورٹی کی تلاش میں ہیں۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے معاون مشن کے اعداد و شمار کی رُو سے سن 2017 میں طالبان کے حملوں اور خود کش بم دھماکوں میں شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق صرف کابل میں 1,831 عام شہری ہلاک یا زخمی ہوئے۔

 اقوام متحدہ پہلے ہی خبردار کر چکا ہے کہ سن 2018 افغان شہریوں کی ہلاکت کے حوالے سے 2017 سے بھی زیادہ مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔

ص ح/ اے ایف پی