تبتی نئی دہلی میں چین مخالف ریلی نہیں نکال سکیں گے
8 مارچ 2018خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ اور داخلہ کے اعلٰی حکام نے بتایا ہے کہ جلا وطن تبتی نئی دہلی میں کوئی ریلی نہیں نکال سکتے لیکن اگر وہ چاہیں تو شمالی شہر دھرم شالہ میں ایسا کر سکتے ہیں، ’’ہم نہیں چاہتے کہ تبتی نئی دہلی میں چین مخالف ایک بڑا مظاہرہ کریں کیونکہ اس کی وجہ سے چین اور بھارت کے مابین سفارتی تناؤ پیدا ہو جائے گا۔‘‘
اس بیان میں مزید کہا گیا، ’’یہ ان دونوں ممالک کے لیے نازک معاملہ ہے اور ہم تناؤ کو کم کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ بھارتی شہر دھرم شالہ میں تبتیوں کی جلا وطن حکومت قائم ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے آج جمعرات کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ بھارت اور چین باہمی تعلقات میں موجود فقدان کو دور کرنے کی کوشش کریں۔
چین اور بھارت کے باہمی تعلقات گزشتہ مہینوں کے دوران اس وقت اور بھی کشیدہ ہو گئے تھے، جب متنازعہ سرحدی علاقوں پر دونوں ممالک کی فوجیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئی تھیں۔ چین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مشرقی سرحد پر واقع ریاست ارونا چل پردیش کے دورے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔ چین اس ریاست پر اپنی ملکیت کا دعوی کرتا ہے۔
دلائی لامہ کے حوالے سے بھارت کے مؤقف میں تبدیلی؟
بدھا ہوتے تو روہنگیا کی مدد کر رہے ہوتے، دلائی لامہ
تبت کی بغاوت کی سالگرہ: نئی دہلی میں مظاہرہ
بھارت اورنیپال اس سے قبل بھی تبتیوں کی جانب سے چین مخالف ریلیوں پر پابندی عائد کر چکے ہیں، خاص طور پر ایسے اوقات میں جب کوئی چینی رہنما ان ممالک کا دورہ کرنے والا تھا۔
چین نے 1950ء میں تبت کا انتظام اپنے ہاتھوں میں لیتے ہوئے اسے اس خطے کی ’پر امن آزادی‘ کا نام دیا تھا۔ بعدازاں 1958ء میں تبتیوں کی جانب سے چین کے خلاف مزاحمت کا آغاز کیا گیا تھا، جس کے بعد روحانی پیشوا دلائی لامہ نے تبت سے فرار ہو کر بھارت میں سیاسی پناہ حاصل کی تھی۔