تحقیقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے: شلپا شیٹی
27 اپریل 2010بھارتی کرکٹ بورڈ ’بی سی سی آئی‘ اور انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ راجستھان رائلز کے لئے کھلاڑیوں کی بولی، سپانسرشپ اور دیگر مالی معاملات کی چھان بین کے حوالے سے سنجیدہ ہیں۔ راجستھان رائلز کی ’برانڈ ایمبیسیڈر‘ اور شریک مالکن شلپا شیٹی نے ایک بھارتی نجی ٹیلی وژن چینل کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ انہیں کسی قسم کا خوف نہیں ہے۔ شیٹی نے یقین کے ساتھ کہا کہ ان کی ٹیم کے تمام مالی معاملات صاف و شفاف طریقے سے چلائے گئے ہیں۔
میدان کے باہر تنازعات میں گھری انڈین پریمیئر لیگ اس وقت شدید بحران کی شکار ہے۔ بالی وُڈ سٹار شیٹی نے کہا کہ ’آئی پی ایل‘ تنازعہ اب بہت ہی سیاسی ہوتا جا رہا ہے۔’’میرے خیال میں یہ سارا معاملہ اب سیاسی بنتا جا رہا ہے جبکہ خود میں ایک غیر سیاسی شخصیت ہوں۔ جہاں تک میرا اور میرے شوہر راج کا تعلق ہے، ہم نے محض تجارتی بنیادوں پر راجستھان رائلز کی ٹیم میں سرمایہ لگایا۔ ہمیں اس بات پر کوئی ملال بھی نہیں ہے۔‘‘
اُدھر انڈین پریمیئر لیگ کے معطل کمشنر للت مودی کے والد کے کے مودی نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ آخر کار جیت ان کے بیٹے کی ہی ہوگی۔ کے کے مودی 3500 کروڑ روپے مالیت کی کمپنی ’گاڈفری فلپس انڈیا‘ کے مالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا خاندان مشکل حالات میں للت مودی کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اپنے بیٹے کے لئے یہی مشورہ ہے کہ وہ ہمت نہ ہارے اور اپنے حقوق کا دفاع کرنے کے لئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائے۔
انڈین پریمیئر لیگ کی گورننگ کونسل نے للت مودی کو ان کے عہدے سے معطل کرنے کے بعد چرایو امین کو عبوری چیئرمین مقرر کیا تھا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک ’ای میل‘ کے ذریعے مودی کو ان کے عہدے سے معطل کرنے کی اطلاع دی تھی۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے
ادارت: عاطف بلوچ