’تخلیقی کراچی‘ میلہ
کراچی میں کئی برسوں سے فنون لطیفہ کے پروگراموں کے لیے سرگرم تنظیم ’دی سیکنڈ فلور‘ (ٹی ٹو ایف) کی جانب سے دو روزہ ’تخلیقی کراچی‘ میلے Creative Karachi Festival کا اہتمام کیا گیا ہے۔
فیسٹیول میں آرٹ کے اسٹالز لوگوں کی توجہ کا خاص مرکز بنے ہوئے ہیں جہاں نوجوان اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کے نہ صرف فن پارے رکھے گئے ہیں بلکہ لائیو اسکیچنگ اور پینٹنگز کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
الائنس فرنچ میں منعقد کیا گیا یہ فیسٹیول، کراچی کی تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ٹیلینٹ کو ایک جگہ اکھٹا کرنے کی کاوشوں کی کڑی ہے۔
اس برس اس فیسٹیول کو ٹی ٹو ایف کی بانی اور سماجی کارکن سبین محمود کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جنہوں نے 2014 ء میں اس کا آغاز کیا تھا۔ سبین محمود گزشتہ برس قاتلانہ حملے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔
دو روزہ فیسٹول میں پچیس موسیقار شریک ہیں اس کے علاوہ ، سترہ پینل گفتگو کے سیشنز، سترہ فلم اسکرینگز، دس رقص کے پروگرام جب کہ آٹھ سٹوری ٹیلنگ سیشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
شدید گرمی کے باوجود بڑوں کے علاوہ بچوں کی بھی بڑی تعداد اس فیسٹیول میں شریک ہے جہاں ان کی دلچسپی کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
فیسٹیول میں تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور فنکاروں کی جانب سے مختلف اسٹالز بھی سجائے گئے ہیں جہاں آرٹس اینڈ کرافٹس کی منفرد اشیا فروخت کے لیے رکھی گئی ہیں۔
الائنس فرنچ میں جگہ جگہ آرٹ اور ڈیزائن کے نمونے بھی نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں جو اپنے خالقوں کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
فیسٹیول اتوار چوبیس اپریل تک جاری رہے گا جس میں دوپہر ایک بجے سے رات دس بجے تک شرکت کی جا سکتی ہے۔
فیسٹول کے آخری روز سبین محمود کی برسی کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔