ترک ثقافت کے رنگوں سے سجا، گرینڈ ٹرکش فیسٹیول
کراچی میں تین روزہ ’گرینڈ ٹرکش فیسٹیول‘ جاری ہے۔ 19 فروری سے شروع ہونے والے تُرک ثقافت کے رنگ بکھیرتے اس میلے میں21 فروری تک شرکت کی جا سکتی ہے۔
تُرک کمپنیوں اور سفارت خانے کا تعاون
فیسٹیول کا انعقاد ترکی کے قونصلیٹ، ترکش ایئر لائن، ایس ٹی ایم انرجی اور زورلو انرجی کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔
تُرک ثقافت سے سجا، پورٹ گرینڈ
فیسٹیول میں پورے پورٹ گرینڈ کو ترکی کی ثقافت کے مطابق سجایا گیا ہے۔ ترک پکوان اور موسیقی کے علاوہ ترکی کے خاص لیمپ، جیولری، کیلیگرافی اور دیگر سوغاتوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب
ہفتہ 19 فروری کی شام منعقد ہونے والی فیسٹول کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ترک قونصل جنرل کے علاوہ متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما وسیم اختر نے بھی شرکت کی۔
کھانے، شاپنگ، موسیقی اور انٹرٹینمنٹ
اپنی نوعیت کےاس پہلے فیسٹیول میں ترکش کھانوں، شاپنگ، موسیقی اور انٹرٹینمنٹ سے لطف اندوز ہونے کے لیے کراچی کے عوام رات گئے تک شرکت کر سکتے ہیں۔
باہمی رشتوں اور تعاون کا فروغ
ترک قونصل جنرل کے مطابق ثقافتی ورثے کی ترویج اور باہمی رشتوں کو فروغ دینے کے لیے ترکی قونصلیٹ نے ملک کے دوسرے اہم اداروں کے تعاون سے کراچی پورٹ گرینڈ میں اس فیسٹیول انعقاد کیا ہے۔
ترک ثقافت اور سیاحت
فیسٹیول کے انعقاد سے ترکی کی ثقافت اور سیاحت کو اجاگر کرنا اور پاکستان اور ترکی کے عوام کے درمیان رابطوں اور ثقافتی تعلق کی ترویج جیسے مقاصد حاصل کرنے کی امید کی جا رہی ہے۔
تُرک فنکاروں اور ماہرین کی شرکت
ٹرکش گرینڈ فیسٹیول میں شرکت کے لیے ترکی سے بڑی تعداد میں آرٹسٹ،پرفارمرز اور پکوان کے ماہرین پاکستان آئے ہیں۔
پاکستانی بینڈ فیوژن بھی شریک
فیسٹیول میں پیش کی جانے والی تمام پرفارمنس ترک قونصلٹ کے زیر انتظام ہیں جس میں معروف پاکستانی میوزک بینڈ ’فیوژن‘ کی پرفارمنس بھی شامل ہے۔
روایتی آلات موسیقی کے ساتھ پرفارمنس
ترکی سے آنے والے فنکاروں میں ’سلطنت میوزک‘ نامی گروپ کی روایتی موسیقی کے آلات پر پیش کی جانے والی پرفارمنس کو لوگوں کی طرف سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
تُرک مصنوعات اور کھانوں کے اسٹالز
اس تین روزہ میلے میں تقریباً 100 اسٹالز قائم کیے گئے ہیں جبکہ ترک موسیقی کے 60 سے زائد شو بھی منعقد کیے جا رہے ہیں جس میں عوام لائیو پرفارمنس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
شام پانچ سے رات بھر کا میلہ
19 سے 21 فروری تک جاری رہنے والے گرینڈ ٹرکش فیسٹیول میں شام پانچ بجے کے بعد سے 500 روپے انٹری فیس کے ساتھ شرکت کی جا سکتی ہے۔