1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترک صدر ایک مرتبہ پھر ہنگری پہنچ گئے

18 دسمبر 2023

ترک صدر رجب طیب ایردوآن ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان سے ملاقات کے لیے دارالحکومت بوڈا پیسٹ پہنچ گئے ہیں۔ وہ گزشتہ چار ماہ میں دوسری مرتبہ ہنگری کا دورہ کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4aIih
Erdogan Besuch Deutschland
تصویر: DHA

ترک صدر رجب طیب ایردوآن اپنے اتحادی یورپی رہنما وکٹور اوربان سے ملنے ایک مرتبہ پھر ہنگری پہنچ گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہنگری کے وزیر اعظم اوربان اور ترک صدر ایردوآن باہمی مذاکرات میں علاقائی اور عالمی موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترک صدر دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ مذاکراتی عمل دراصل دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد دے گا۔

انرجی سکیورٹی کے علاوہ سویڈن کی مغربی دفاعی اتحاد نیٹو میں شمولیت جیسے موضوعات بھی آج کی ملاقات میں اہمیت کے حامل ہوں گے۔ ترکی اور ہنگری ہی دو ایسے ممالک ہیں، جو سویڈن کے اس عسکری اتحاد میں شمولیت میں رکاوٹ قرار دیے جا رہے ہیں۔

ترک صدر یونان میں، حریف ہمسایہ ملک کے ساتھ تعلقات میں نئے باب کا آغاز

ایردوآن سے براہ راست بات چیت ضروری ہے، اولاف شولس

ہنگری نے ابھی تک سویڈن کی نیٹو میں شمولیت پر اپنا ووٹ محفوظ رکھا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ اس عسکری اتحاد میں کسی بھی نئی ریاست کی شمولیت کی خاطر سبھی اکتیس رکن ممالک کی طرف سے منظوری دیا جانا لازمی ہے۔

ترک صدر نے اگرچہ طویل مخالفت کے بعد جون میں سویڈن کو اس عسکری اتحاد میں شامل کرنے کے لیے حامی بھر لی تھی تاہم ابھی بھی انقرہ حکومت اس حوالے سے رکاوٹوں کا باعث بن رہی ہے۔

ترک صدر ایردوآن نے سویڈن کی نیٹو میں رکنیت کی مشروط توثیق کی تھی۔ شرط تھی کہ امریکی حکومت ترک کو ایف سولہ فائٹر جیٹ طیارے فراہم کرنے کی درخواست کو قبول کرے۔

Recep Tayyip Erdogan und Viktor Orban
ترک صدر رجب طیب ایردوآن (بائیں) اپنے اتحادی یورپی رہنما وکٹور اوربان کے ساتھ، فائل فوٹوتصویر: DHA

سفارتی تعلقات کی صد سالہ تقریبات

ترک صدر ایردوآن ایک ایسے وقت میں ہنگری کا دورہ کر رہے ہیں، جب ان دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے سو برس مکمل ہونے پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

ایردوآن اور اوربان 'ترکش۔ ہنگیریئن اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل‘ کے ایک ایونٹ میں بھی شریک ہوں گے۔

سلطنت عثمانیہ سے جدید جمہوریہ تک: ترکی کے قیام کے سو سال مکمل

ترک صدر، یوکرین کے اناج معاہدے کی توسیع کے لیے پر اُمید

اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین متعدد باہمی سمجھوتوں اور معاہدوں کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ہنگری یورپی یونین کا ایسا واحد رکن ملک ہے، جس نے یوکرین جنگ کے بعد بھی روس سے قریبی تعلقات استوار کر رکھے ہیں۔ ہنگری کی حکومت نہ صرف روس بلکہ چین اور ایشیائی ممالک کے ساتھ بھی روابط بڑھانے کے حق میں ہے۔

ع ب / ش ر (خبر رساں ادارے)