ترکی روہنگیا مہاجرین کو امداد فراہم کرے گا
7 ستمبر 2017نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے اعلان کیا ہے کہ ترکی کا امدادی ادارہ نقل مکانی پر مجبور روہنگیا آبادی کو ایک ہزار ٹن امداد فراہم کر چکا ہے اور کیمپوں میں موجود روہنگیا افراد کو مزید دس ہزار ٹن امداد فراہم کی جائے گی۔
اس ہفتے کے دوران ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی سے ٹی وی پر بھی گفتگو کی تھی۔ رجب طیب ایردوآن نے آنگ سان سوچی سے کہا ہے کہ تمام دنیا روہنگیا کے خلاف ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ’’شدید فکرمند‘‘ ہے۔ ترک صدر کا مزید کہنا تھا، ’’ہم ہر طرح کی دہشت گردی اور عام شہریوں کے خلاف ہونے والے آپریشن کی مذمت کرتے ہیں۔ میانمار میں انسانی صورتحال انتہائی سنگین ہوتی جا رہی ہے، جس سے نفرت جنم لے رہی ہے۔‘‘
25 اگست سے اب تک 150000 روہنگیا بنگلہ دیش پہنچ چکے ہیں۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق پچیس اگست کو روہنگیا عسکریت پسندوں نے پولیس پوسٹوں اور فوجی اڈے پر حملہ کر دیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد میانمار کی فوج اور روہنگیا کے درمیان جھڑپوں میں اب تک چار سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔