1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمیورپ

ترکی میں دو ہفتوں میں نو ٹن میتھ ایمفیٹامین ضبط کر لی گئی

14 نومبر 2024

ترک حکام کے مطابق قبضے میں لی گئی غیر قانونی میتھ ایمفیٹامین میں سے نصف سے زائد ایرانی سرحد سے پکڑی گئی۔ ترک حکام نے گزشتہ برس بائیس ٹن میتھ ضبط کی تھی۔

https://p.dw.com/p/4mz2W
 یہ نشہ آور مادہ یورپ اور شمالی امریکہ میں کرسٹل، پاؤڈر، کیپسول یا گولیوں کی شکل میں بھی فروخت ہوتا ہے
یہ نشہ آور مادہ یورپ اور شمالی امریکہ میں کرسٹل، پاؤڈر، کیپسول یا گولیوں کی شکل میں بھی فروخت ہوتا ہےتصویر: Jens Schlueter/picture alliance

ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے کہا ہے کہ ملک میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران تقریباً نو ٹن میتھ ایمفیٹامین ضبط کی گئی، جس میں سے نصف سے زائد  ایرانی سرحد سے ترکی اسمگل کرنے کی کوششوں کے دوران پکڑی گئی۔ علی یرلیکایا نے کہا کہ اس عرصے میں اندرون ملک  پکڑی گئئ 4.16 ٹن  میتھ ایمفیٹامین میں سے صرف استنبول سے 3.5 ٹن اور باقی مغرب میں ازمیر اور ہکاری کے شہروں سے پکڑی گئی، جو ایران اور عراق کی سرحد کے قریب واقع  ہے۔

اس کے علاوہ ترک کسٹم حکام کے مطابق  نومبر میں ایران سے ترکی میں داخل ہونے والے تین ٹرکوں سے ساڑھے چار ٹن میتھ ایمفیٹامین قبضے میں لی گئی۔   سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ترک پولیس نے گزشتہ سال تقریباً 22 ٹن میتھ ایمفیٹامین ضبط کی تھی، جو پچھلے سالوں کے مقابلے میں بہت زیادہ اضافہ ہے۔

میتھ ایمفیٹامین، جسے میتھ، کرسٹل میتھ، آئس یا کرینک کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے، ایک طاقتور اور بہت زیادہ نشہ آور مادہ ہے
میتھ ایمفیٹامین، جسے میتھ، کرسٹل میتھ، آئس یا کرینک کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے، ایک طاقتور اور بہت زیادہ نشہ آور مادہ ہےتصویر: Teun Voeten/Sipa/picture alliance

میتھ ایمفیٹامین، جسے میتھ، کرسٹل میتھ، آئس یا کرینک کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے، ایک طاقتور اور بہت زیادہ نشہ آور مادہ ہے جو مرکزی اعصابی نظام کا محرک بھی ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ میتھ ایمفیٹامین کے اثرات ایمفیٹامین کے مقابلے میں دو سے پانچ گنا زیادہ شدید اور دیرپا ہوتے ہیں۔ ترکی میں مقبول ہونے والا اور مصنوعی طور پر تیار کردہ یہ نشہ آور مادہ یورپ اور شمالی امریکہ میں کرسٹل، پاؤڈر، کیپسول یا گولیوں کی شکل میں بھی فروخت ہوتا ہے۔

یورپی یونین کی ڈرگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ترکی میں میتھ ایمفیٹامین پکڑے جانے کے واقعات میں اضافے کی وجہ ایران اور افغانستان میں اس کی پیداوار میں اضافہ ہو سکتی ہے۔ افغانستان میں 2022 ء میں طالبان کی جانب سے افیون اور ہیروئن بنانے کے لیے استعمال ہونے والی پوست کی کاشت پر پابندی کے بعد سے میتھ ایمفیٹامین  کی تجارت میں تیزی آئی ہے۔

ش ر⁄  م م (اے ایف پی)