ترکی کی ایک کان میں حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد دو سو سے تجاوز کر گئی
14 مئی 2014حکام کے مطابق اب بھی سینکڑوں افراد زمین کے اندر اس کان میں پھنسے ہوئے ہیں اور رات گئے بھی ان افراد کو بچانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ترکی کی قدرتی آفات سے تحفظ کی ایجنسی AFAD نے منگل کی سہ پہر کو کوئلے کی اس کان میں دھماکے کے بعد آگ لگ جانے کے واقعے میں 17 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی، تاہم ہلاکتوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ترکی میں کان کنوں کی یونین کے سربراہ نُوریتن آکُل نے کہا ہے کہ اس کان میں پھنسے ہوئے افراد کی تعداد دو سو سے تین سو کے درمیان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کو بچانے کے لیے جاری سرگرمیوں میں وقت کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور ہر گزرے لمحے کے ساتھ ان افراد کے بچنے کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ منگل کے روز ترک صوبے منیسا کے علاقے سوما میں واقع اس کان میں پیش آنے والے اس حادثے کی ابتدائی وجہ بجلی کے نظام میں خرابی بتائی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے آگ لگی۔ حکام کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے، تاہم اس کان میں شدید دھواں بھر چکا ہے۔
ایک اور سینیئر عہدیدار نے ہلاکتوں کی تعداد بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال تمام تر توجہ پھنسے ہوئے کان کنوں کو بچانے پر مرکوز ہے۔ ’’ہماری پہلی ترجیح اپنے کان کن بھائیوں تک پہنچنے کی ہے۔‘‘
منگل کے روز ترک وزیراعظم رجب طیب ایردوآن نے اپنے مختصر ٹیلی وژن پیغام میں کہا، ’’مجھے امید ہے کہ اگلے کچھ گھنٹوں میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔‘‘ اس حادثے کے بعد ایردوآن نے البانیہ کا اپنا مجوزہ دورہ بھی منسوخ کر دیا ہے۔ وہ آج استنبول سے 230 کلومیٹر دور واقع متاثرہ علاقے سوما پہنچیں گے۔
ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی نے اس کان کی مالک کمپنی سوما ہولنڈگ کا پیغام نشر کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی اپنے کارکنوں کو بچانے کی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ اس کمپنی کے مطابق کان کی سیفٹی کی جانچ دو ماہ قبل ہی کرائی گئی تھی۔