’تعليم سب کے ليے‘ کو فروغ دينے کے ليے بان کی مون پاکستان ميں
13 اگست 2013خبر رساں ادارے اے ايف پی کی امريکی شہر نيو يارک سے موصولہ ايک رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ بان کی مون اپنے دو روزہ دورے کے ليے بارہ اگست کے دن پاکستان کے ليے روانہ ہونے کے بعد کل ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہيں۔ اس بين الاقوامی ادارے کے سيکرٹری جنرل پاکستانی نوجوانوں سے ملاقات کرنے کے علاوہ متعدد بين الاقوامی امن مشنوں ميں پاکستان کی شراکت پر اسلام آباد انتظاميہ کا شکريہ بھی ادا کريں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لیے فوجی فراہم کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔
اقوام متحدہ کے ايک ڈپٹی ترجمان ايڈوارڈو ڈيل بوئے نے پير کے روز نيويارک ميں بتايا کہ سيکرٹری جنرل پاکستانی حکمرانوں سے ڈزاسٹر منیجمنٹ کے حوالے سے بھی بات چيت کريں گے۔ پاکستان ميں پچھلے تين برسوں سے مون سون بارشوں کے سبب سيلاب آ رہے ہيں، جن کے نتيجے ميں ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہيں۔
اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ ايک بيان ميں بتايا گيا ہے کہ اپنے اس دورے کے دوران بان کی مون ملکی صدر اور وزيراعظم سے بھی ملاقاتيں کريں گے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بان اس دورے ميں اسپيکر نيشنل اسمبلی اور فوج کے اعلی عہديداران سے بھی مليں گے۔ ان رپورٹوں کے مطابق ممکن ہے کہ اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل کے ساتھ حاليہ دنوں ميں لائن آف کنٹرول پر جاری کشيدگی کا موضوع بھی اٹھايا جائے گا۔
وہ اس دورے ميں اسلام آباد کی نيشنل يونيورسٹی آف سائنس اينڈ ٹيکنالوجی کے سينٹر فار انٹرنيشنل پيس اينڈ اسٹيبيليٹی کا بھی افتتاح کريں گے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ بيان ميں مزيد بتايا گيا ہے کہ بان کی مون پاکستان ميں اپنے قيام کے دوران تمام افراد کے ليے معياری تعليم کی فراہمی پر زور ديں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ’ملالہ ڈے‘ کے سلسلے میں ترتیب دی گئی لائن کے تحت بان کی مون پاکستان میں طلبہ سے ملاقاتیں کریں گے، جن کا مقصد ملک میں معیاری تعلیم کا فروغ ہے۔ پاکستانی وادی سوات میں 16 سالہ طالبہ اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے آواز بلند کرنے والی ملالہ یوسف زئی کو طالبان نے گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔