توانائی کے معدنی ذخائر پر انحصار ختم کریں: اوباما
3 جون 2010بُدھ دو جون کو پِٹس برگ کی کارنیگی میلن یونیورسٹی میں اپنے ایک خطاب میں اوباما نے کہا کہ سمندروں کی گہرائی سے تیل نکالنے کا عمل بے حد خطرناک ہے اور توانائی کے لئے معدنی وسائل پر انحصار ملک کی سلامتی، معیشت اور ماحول کو خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔ خلیج میکسیکو میں تیل کی آلودگی کا حوالہ دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ اب یہ انحصار ختم ہونا چاہئے۔ اُنہوں نے کہا: ’’اپنے بچوں اور اُن کے بعد آنے والی نسل کے لئے ہمارا تصور ایک ایسے امریکہ کا نہیں ہونا چاہئے، جو صرف اور صرف معدنی وسائل کا محتاج ہو۔‘‘
اپنے اِس خطاب میں اوباما نے مطالبہ کیا کہ امریکہ میں تیل کے شعبے کے لئے اربوں ڈالر کی ٹیکس مراعات کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے اور یہی رقم توانائی کے زیادہ محفوظ اور ماحول دوست ذرائع پر خرچ کی جانی چاہئے۔ صدر کا کہنا تھا کہ توانائی کی امریکی پالیسیوں میں کوئی بڑی تبدیلی نہ آئی تو امریکہ اِسی طرح ایندھن خریدنے کے لئے بھاری رقوم ملک سے باہر بھیجتا رہے گا۔ اوباما نے کہا کہ اِس سلسلے میں قانون سازی کے لئے وہ ری پبلکن پارٹی کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اُن کا اشارہ ایک مسودہء قانون کی جانب تھا، جو سینیٹ میں اپنی منظوری کا منتظر ہے۔ ڈیموکریٹ سینیٹر جان کیری اُمید کر رہے ہیں کہ سینیٹ جون کے اواخر یا جولائی کے اوائل میں اپنے مکمل اجلاس میں اِس بِل پر بحث کر سکے گی اور یوں اِس بِل کو ستمبر یا اکتوبر میں ضروری تبدیلیوں کے ساتھ منظوری کے لئے پیش کیا جا سکے گا۔
اوباما نے کہا کہ خلیج میکسیکو میں بہنے والے خام تیل سے پیدا شُدہ آلودگی کا سبب یا تو انسانی غلطی ہے یا پھر اِس کی وجہ یہ ہے کہ تیل پیدا کرنے والی کمپنیوں نے ممکنہ طور پر حفاظتی تدابیر کو نظر انداز کیا ہے۔
دریں اثناء واشنگٹن حکومت نے اِس تنقید کو مسترد کر دیا ہے کہ حکومت بحرانی حالات سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔ نائب صدر جو بائیڈن نے ٹیلی وژن پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ اوباما نے شروع سے ہی تیل کی آلودگی کے خلاف جنگ میں سرگرم کردار ادا کیا ہے اور اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو وہ یہی ہو سکتی ہے کہ حکومت اِس بات کا اچھی طرح سے ابلاغ نہیں کر سکی ہے۔
اِسی دوران حادثے کا شکار ہونے والے کنویں سے بہنے والا تیل پینساکولا کے سفید ریت والے ساحلوں تک پہنچ گیا ہے، جس سے فلوریڈا کی سیاحت کی صنعت کو زبردست خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ سالانہ 80 ملین سے زیادہ سیاح اِس امریکی ریاست میں تعطیلات منانے آتے ہیں۔ ریاست لُوئیزیانا کے ساحل پہلے ہی اِس تیل کے باعث آلودہ ہو چکے ہیں۔
20 اپریل کو ’ڈِیپ واٹر ہوریزن‘ آئل پلیٹ فارم کو پیش آنے والے حادثے کے بعد سے اِس کی مالک برطانوی کمپنی BP سمندر کی تہہ میں بنے سوراخ کو بند کرنے کی متعدد ناکام کوششیں کر چکی ہے۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: مقبول ملک