1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جارجیا کے القاعدہ سے تعلقات ہیں، روس کا الزام

13 اکتوبر 2009

روس نے جارجیا پر القاعدہ کے دہشت گردوں کی ٹریننگ کرنے اور انہیں قفقاز کے خطے کے روسی علاقوں میں منتقل کرنے کا الزام لگایا ہے، تاکہ وہ چیچنیا اور داغستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرسکیں۔

https://p.dw.com/p/K59v
ماسکو میں روسی حساس ادارے فیڈرل سیکیورٹی سروس یا ایف۔ایس۔پی کا ہیڈکوارٹرزتصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ روسی حساس ادارے ایف۔ایس۔ بی کے سربراہ الیگزینڈر بورٹنی کوف کے مطابق قفقاز کے خطے سے گرفتار کئے گئے مقامی عسکریت پسندوں کے پاس سے ایسی آڈیو کیسٹس برآمد ہوئی ہیں، جن سے ثابت ہوتا ہے کہ ’’ان کا رابطہ القاعدہ کے ساتھ ساتھ جارجیا کے حساس اداروں سے بھی تھا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جارجیا کے حساس ادارے ان رابطوں کی مدد سے چیچنیا میں عسکریت پسندوں کی براہ راست مدد کرنے میں ملوث ہیں۔

Akhmad Kadyrov, Tschetschenien, Kaukasusrepublik, Porträt
چیچنیا کے روس نواز صدر احمد قدیروف، جن کی صدارت کے دوران چیچن باغیوں کی کارروائیوں میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا ہےتصویر: AP

بورٹنی کوف نے تبلیسی حکام پر داغستان میں مقامی عسکریت پسندوں کو ہتھیاروں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی ٹریننگ کرنے کا بھی الزام لگایا ہے۔ ’’تبلیسی انتظامیہ عسکریت پسندوں کی مالی معاونت کے ساتھ ساتھ ان کو ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد بھی فراہم کررہی ہے، تاکہ وہ داغستان میں اہم مقامات، بشمول تیل اور گیس کی تنصیبات پر دہشتگرادنہ کارروائیاں کرسکیں۔‘‘

روس اور جارجیا کے درمیان تعلقات گزشتہ سال اگست میں چھ روزہ جنگ کےیعدسے مسلسل بگڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اسی دوران روس کے زیر انتطام قفقاز کی ریاستوں میں مسلم عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

روس کا موقف رہا ہے کہ شمالی قفقاز کی ریاستوں میں جاری عسکریت پسندی کی لہر کے پیچھے ’’غیر ملکی عناصر‘‘ کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ روس نے بارہا جارجیا کے حکام پر چیچنیا کے عسکریت پسندوں کی مالی معاونت کرنے کا بھی الزام لگایا ہے۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: عدنان اسحاق