جاپان میں زلزلہ: ایشیائی بازارِ حصص میں بھی جھٹکے
11 مارچ 2011جاپان میں آئے زلزلے سے جہاں وسیع پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے وہیں اقتصادی سرگرمیوں کی دھڑکن سمجھے جانے والے اس ایشیائی ملک میں زلزلے کی خبر نے ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی بھونچال پیدا کردیا۔
ایشیائی بازارِ حصص میں شدید مندی دیکھی گئی ہے۔ ٹوکیو میں شیئرز کی قیمتیں 1.7 فیصد اور ہانگ کانگ میں 1.5 فیصد تک گر گئیں۔ نیوزی لینڈ میں بھی جمعہ کے روز یہی رجحان رہا اور وہاں سٹاک مارکیٹ میں حصص کی قیمتیں 1.7 فیصد تک گر گئیں۔
جاپان میں زلزلے اور سونامی کی وجہ سے یورپی اسٹاک مارکیٹیں بھی نہ بچ سکیں اور وہاں بھی شدید مندی دیکھی گئی۔ لندن اسٹاک ایکسچینج میں 0.65 اور فرینکفرٹ میں 1.07 فیصد تک کی مندی دیکھی گئی۔ پیرس میں 1.03 فیصد مندی ریکارڈ کی گئی۔
یورپ میں سب سے زیادہ انشورنس کا شعبہ متاثر ہوا، جس کی وجہ جاپان میں آئے زلزلے کی وجہ سے ان عمارتوں کو پہنچنے والا نقصان ہے، جس کے بارے میں انشورنس کمپنیوں کو فکر ہے کہ انہیں اب انشورنس کی مد میں بھاری ادائیگیاں کرنا پڑیں گی۔
ادھر امریکہ میں بازارِ حصص مشرقِ وسطیٰ کے سیاسی بحران اور تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث ویسے ہی مندی کا شکار ہے۔ جاپان کی تاریخ کے اس شدید ترین زلزلے سے وہاں بھی شیئرز میں گراوٹ کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: مقبول ملک