جاپان میں چیری بلاسم کی بہار
یہ دن جاپان میں چیری کے درختوں پر سفید اور گلابی پھول کِھلنے کے دن ہیں۔ ہر سال یہ نظارہ دیکھنے والوں کو حیران اور محظوظ کرتا ہے۔
اور بہار آ گئی
چیری بلاسم یا چیری کے پھول کِھلنے پر جاپان میں بہار کا موسم شروع ہو جاتا ہے۔ جشن بہار اں نامی فیسٹیول (چیری بلاسم دیکھنے کا میلہ) کہلاتا ہے اور تب بوڑھے اور جوان سبھی سیر و تفریح یا پھر پکنک منانے کے لیے پارکوں کا رخ کرتے ہیں۔
عقیدت بھی ساتھ ساتھ
جاپانی شہری چیری کے پیڑوں اور پھولوں کے ساتھ خاص عقیدت رکھتےہیں۔ چیری کے یہ پھول خوبصورت بھی ہوتے ہیں اور انسانی زندگی کی طرح ان کی زندگی بھی عارضی ہوتی ہے۔ جاپان میں چیری کے ان پیڑوں پر کوئی پھل نہیں لگتا۔ پیڑ کی ساری توانائی پھولوں میں سرایت کر جاتی ہے۔ ان پھولوں کی زندگی صرف دَس دن ہوتی ہے۔
چیری کے پیڑوں تلے کھانا پینا
جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کے اس پارک میں کھانے پینے کی اَشیاء فروخت کرنے والے کھوکھوں پر بھوک سے نڈھال شائقین کا رَش لگا ہوتا ہے۔ یہاں لوگ ٹیپانیاکی نام کی مخصوص جاپانی ڈِش شوق سے کھاتے ہیں، جو گرم گرم توے سے اُتار کر پیش کی جاتی ہے۔
کلیاں پھول بن گئیں
عام طور پر جاپانی محکمہٴ موسمیات باقاعدہ اعلان کرتا ہے کہ اب چیری بلاسمز کے کھلنے کا موسم شروع ہو گیا ہے۔ لگتا ہے کہ یہ طوطا سرکاری اعلان کو نظر انداز کرتے ہوئے پہلے ہی ان پیڑوں پر آن پہنچا ہے کیونکہ اس سال یہ پھول اوسط سے پانچ دن پہلے ہی کھل اٹھے ہیں۔
سب آنے والوں کو خوش آمدید
ان چند دنوں کے لیے جاپان کے شاہی محل کے دروازے بھی شائقین کے لیے کھول دیے جاتے ہیں۔ سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ لوگ جاپانی شہنشاہ کی رہائش گاہ کے اندر کِھلے چیری کے پھولوں کا بھی نظارہ کر سکتے ہیں۔
شہنشاہی باغات
شہنشاہ کے محل کے مشرقی حصے میں چھ سو میٹر طویل یہ وہ گلی ہے، جہاں شائقین سال میں دو مرتبہ جا کر سیر و تفریح کر سکتے ہیں۔ سال میں تقریباً آٹھ لاکھ شائقین ان باغات کا نظارہ کرتے ہیں۔ اگلا موقع اس سال دسمبر میں آئے گا، جب ان درختوں سے پتے گریں گے۔
رات کو بھی جگمگاتے پھول
ٹوکیو کے اس گنجان آباد مرکزی علاقے میں بھی چیری کے چند ایک پیڑوں نے رونق لگا رکھی ہے۔ یہ روپونگی نامی علاقہ ہے، جہاں پیڑوں پر نصب روشنیاں رات کے وقت بھی ان پیڑوں کو جگمگائے رکھتی ہیں۔