1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان کے ساتھ جزائر کا تنازعہ: چینی جہاز متنازعہ علاقے میں

21 دسمبر 2012

چین نے آج جمعے کے روز ان جزائر کے ارد گرد سمندری پانیوں میں اپنے بحری جہاز بھیج دیے جن کی ملکیت کے بارے میں اس کا جاپان کے ساتھ تنازعہ پایا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/177gd
تصویر: picture alliance/R. Goldmann

ٹوکیو سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ان متنازعہ جزائر کے گرد و نواح میں چینی بحری جہاز بھیجنے کا فیصلہ بیجنگ نے جاپان میں ایک نئی حکومت کے انتخاب کے بعد پہلی مرتبہ کیا ہے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ نئی پیش رفت ایک ایسا دھچکا ہے جس نے ان امیدوں کو متاثر کیا ہے کہ بیجنگ اور ٹوکیو جاپان میں حالیہ الیکشن کو اس بارے میں اپنے اختلافات ختم کرنے کے موقع کے طور پر استعمال کر سکتے تھے۔

Japan Wahlsieger Shinzo Abe
حالیہ انتخابات کے فاتح اور اگلے جاپانی وزیر اعظم شِنزو آبےتصویر: Yoshikazu Tsuno/AFP/Getty Images

لیکن ان متنازعہ جزائر کے ارد گرد کے سمندری علاقے میں چینی بحری جہازوں کی موجودگی یہ ثابت کرتی ہے کہ فریقین میں سے شاید کوئی بھی اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے پر تیار نہیں ہے۔ چین اور جاپان کے درمیان گزشتہ کئی مہینوں سے ان جزائر کے بارے میں سخت بیان بازی ہوتی رہی ہے۔

ٹوکیو اور بیجنگ کے مابین جن جزائر کی ملکیت کا تنازعہ پایا جاتا ہے، ان کا انتظام جاپان کے پاس ہے۔ جاپان انہیں سینکاکس کا نام دیتا ہے جبکہ چین انہیں دیاؤیوس کہتا ہے۔ جاپانی کوسٹ گارڈز کے بقول چین کے بحری نگرانی کرنے والے تین جہاز آج سینکاکس جزائر کی سمندری حدود میں 12 میل اندر تک آ گئے۔ قریبی پانیوں میں ماہی گیری کے حوالے سے ایک چینی پٹرولنگ شپ بھی موجود تھا۔

Inselstreit zwischen Japan und China
جاپانی کوسٹ گارڈز سمندری گشت پر: یہ متنا‍زعہ جزائر بحیرہء مشرقی چین میں واقع ہیںتصویر: picture alliance/dpa

ٹوکیو حکومت نے جزائر کے اس سلسلے کو اس سال ستمبر میں قومی ملکیت میں لے لیا تھا۔ جاپانی کوسٹ گارڈز کے بقول تب سے اب تک چینی بحری جہاز ان جزائر کی سمندری حدود میں کُل 19 مرتبہ داخل ہو چکے ہیں۔ اے ایف پی نے لکھا ہے کہ کئی تجزیہ نگاروں کے مطابق اس طرز عمل کی وجہ یہ ہے کہ چین یہ ظاہر کرنا چاہتا ہے کہ وہ اس سمندری علاقے میں اپنی مرضی سے آ جا سکتا ہے۔

اس تنازعے کے باعث چین اور جاپان کے مابین کشیدگی گزشتہ ہفتے اس وقت اپنی انتہا کو پہنچ گئی تھی جب ایک چینی ہوائی جہاز نے اس علاقے کی فضا میں پرواز کی تھی۔ ٹوکیو حکومت کے بقول یہ کم از کم بھی 1958ء کے بعد پہلا موقع تھا کہ چین نے ان جزائر کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ تب اس علاقے میں چینی ہوائی جہاز کی موجودگی کا علم ہونے کے بعد ٹوکیو کے جنگی طیارے فوری طور پر حرکت میں آ گئے تھے۔

جاپان میں گزشتہ اتوار کو ہونے والے عام الیکشن میں شِنزو آبے کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی کامیابی کے بعد سے سمندری انتظامی امور کے ملکی محکمے کے بحری جہاز اب تک ان جزائر کی سمندری حدود سے دور ہی رہے ہیں۔ لیکن شِنزو آبے نے، جو ٹوکیو میں نئی حکومت کے سربراہ ہوں گے، یہ کہنے میں دیر نہیں کی تھی کہ وہ Senkakus جزائر کے تنازعے میں بیجنگ کے بارے میں سخت پالیسی اپنائیں گے۔

(ij /mm (AFP