جاپانی موٹر ساز ادارہ نسان کساد بازاری کا شکار
29 جولائی 2009عالمی اقتصادی بحران کے باعث عالمی سطح پر کاروں کی کھپت میں زبردست کمی سے نسان موٹرز بھی زبردست متاثر ہوئی ہے۔ نسان موٹرز نے رواں برس اپنے ہاں ملازمین کی تعداد میں بھی نمایاں کمی کا عندیہ دیتے ہوئے 20 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے بیان میں پیشن گوئی کی گئی ہے کہ نسان موٹررز کوعالمی کساد بازاری کے سائے سے نکلنے کے لئے کم از کم مزید ایک برس درکار ہو گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 2009 ء کمپنی کے لئے دشوار ثابت ہو گا۔ نسان موٹرز کے چیف ایگزیکٹیو Carlos Ghosn کا کہنا ہے کہ کساد بازاری کے باعث اگلے برس مارچ تک کمپنی کو ہونے والا مالی خسارہ 223.7 بلین ین تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا :’’ہم کوشش کررہے ہیں کہ مثبت اشارے سامنے آئیں اور کمپنی کے ریکوری پلان کے تحت مزید اقدامات کرکے بہتری پیدا کی جا سکے۔‘‘
Carlos Ghosn کے مطابق عالمی کساد بازاری سے جاپان میں گاڑیوں کی کھپت میں کمی کے ساتھ ساتھ امریکہ اور یورپ میں بھی کاروں کی مانگ بہت حد تک کم ہو گئی ہے۔
ادارے کے مطابق نسان موٹرز کی سیل میں 22.8 فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے تاہم ادارے نے یہ بھی کہا ہے کہ کساد بازاری کے حوالے سے لگائے گئے ابتدائی اندازوں کے مقابلے میں کمپنی نے کافی حد تک بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : عاطف بلوچ