مریم نواز کے پاناما گیٹ سے تعلق کی دستاویزات ٹوئیٹر پر جاری
23 جنوری 2017زوڈ ڈوئچے سائٹنگ کی طرف سے ایک ٹوئیٹ میں لکھا گیا، ’’پاکستان میں وہ افراد جو پاناما پیپرز کے حوالے سے مریم صفدر کے کردار پر شبہ کر رہے ہیں وہ ان دستاویزات کو دیکھیں اور خود فیصلہ کریں۔‘‘
اس ٹوئٹ میں مریم نواز شریف کے پرانے پاسپورٹ کی تصویر کے ہمراہ ’’مینروا فائننشل سروسز‘‘ نامی دستاویز شامل ہے۔ اس دستاویز میں مریم نواز شریف کے ذاتی کوائف لکھے ہوئے ہیں۔ اس دستاویز میں آمدنی کے ذرائع کے خانے میں لکھا ہے، ’’خاندان کی گزشتہ 60 سالوں کی دولت اور کاروبار‘‘
پاکستان میں عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے یہ دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کروائی ہوئی ہیں جہاں پانچ رکنی بنچ شریف خاندان کے خلاف مالی بدعنوانی کے کیس کے حوالے سے دائر پیٹیشنوں کی سماعت کر رہا ہے۔
پاکستان میں سوشل میڈیا پر ’مریم نواز شریف ایکسپوزڈ‘ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ عمران خان نے اس حوالے سے ٹوئیٹ میں لکھا،’’ انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹیگیٹو جرنلسٹس نے مریم نواز شریف کے پاناما پیپیرز میں ملوث ہونے کے حوالے سے مزید دستاویزات شائع کر دیے۔‘‘
پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں لکھا،’’ اب نواز شریف کے لیے بچاؤ کا کوئی راستہ نہیں بچا۔‘‘
واضح رہے کہ زوڈ ڈوئچے سائٹنگ وہ پہلا ادارہ تھا جسے پاناما گیٹ کی 11.5 ملین خفیہ فائلز موصول ہوئی تھیں۔ ان فائلز میں ان پاکستانیوں کے نام بھی شامل تھے جن کی پاناما میں آف شور کمپنیاں ہیں۔