جرمن شہر ڈریسڈن میں ’نازی ایمرجنسی‘ کا اعلان
2 نومبر 2019ڈریسڈن کی سٹی کونسل نے ارکان کی منظوری کے بعد ایک پالیسی بیان جاری کیا جس میں کہا گیا، ''ڈریسڈن شہر میں جمہوریت اور تکثیریت مخالف، نفرت اور دائیں بازو کی انتہا پسندی پر مبنی رویے اور تشدد پر مبنی اقدامات بڑھ رہے ہیں۔‘‘
کیا جرمن پولیس میں بھی دائیں بازو کے انتہا پسند موجود ہیں؟
یہ قرارداد جرمنی کی طنزیہ سیاسی جماعت 'ڈی پارٹائی‘ کے کونسلر ماکس آشن باخ نے پیش کی تھی۔ ان کا کہنا تھا، ''ڈریسڈن میں نازی ایک حقیقی مسئلہ ہیں اور ہمیں اس کے تدارک کے لیے کچھ کرنا چاہیے۔ سیاست دانوں کو آخرکار کھل کر کہنا ہو گا، نہیں، یہ ہمیں قابل برداشت نہیں۔‘‘
پیگیڈا تحریک کا مرکز
سن 2014 میں اسی شہر میں اسلام مخالف تحریک پیگیڈا کا آغاز ہوا تھا۔ PEGIDA کا جرمن زبان میں مطلب 'مغربی دنیا کی اسلامائزیشن کے خلاف بین الیورپی اتحاد‘ بنتا ہے اور اس تنظیم کا صدر دفتر بھی ڈریسڈن میں قائم ہے۔
جرمنی: اسلام مخالف تنظیم ’پیگیڈا‘ کی دوسری سالگرہ
ڈریسڈن وفاقی جرمن ریاست سیکسنی کا شہر ہے اور اسے انتہائی دائیں بازو کی عوامیت پسند سیاسی جماعت اے ایف ڈی کا مرکز بھی قرار دیا جاتا ہے۔ رواں برس ستمبر میں ہونے والے سیکسنی کے صوبائی انتخابات میں اے ایف ڈی دوسری بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری تھی۔
دائیں بازو کی انتہا پسندی کا تدارک
اس قرار داد میں دیگر باتوں کے علاوہ شہری انتظامیہ اور سول سوسائٹی کی تنظیموں سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ وہ شہر میں جمہوری اقدار کی مضبوطی، اقلیتوں کے تحفظ، انسانی حقوق یقینی بنانے اور دائیں بازو کی شدت پسندی کا نشانہ بننے والوں کی مدد کے لیے اقدامات کریں۔
دائیں بازو کے انتہا پسندوں کی جرمن وزیر انصاف کو قتل کی دھمکی
'نازی ایمرجنسی‘ قرارداد کے متن میں 'جمہوری اداروں پر عوامی اعتماد کی بحالی، متنوع اور پر امن بقائے باہمی‘ یقینی بنانے کے لیے 'سامیت دشمنی، نسل پرستی اور انتہائی دائیں بازو کے نظریات کے محرکات اور نتائج‘ پر توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔
ش ح / ع آ (چیز ونٹر)