1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمن وائلڈ لائف پارک میں خنزیر ’پوٹن‘ کا نام بدل دیا گیا

24 اپریل 2022

جرمن صوبے باویریا کے میہل مائزل وائلڈ لائف پارک کی انتظامیہ نے وہاں موجود ’پوٹن‘ نامی ایک جنگلی خنزیر کا نام بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام روسی صدر پوٹن کے یوکرین پر فوجی حملے کے فیصلے کے خلاف بطور احتجاج کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4A8xw
Schwarzwild-Keiler «Putin» wird umgetauft
تصویر: Nicolas Armer/dpa/picture alliance

باویریا میں جنگلی حیات کے جس پارک نے اب اپنے ہاں جنگلی خنزیروں میں سے جس ایک کا نام بدلنے کا فیصلہ کیا ہے، اس جانور کو یہ نام تین سال قبل ماضی میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی نسبت سے دیا گیا تھا۔ اس پارک کی انتظامیہ نے ابھی حال ہی میں ایک ایسی تقریب بھی منعقد کی، جس میں 'پوٹن‘ کو ایک نیا نام دے دیا گیا۔

جنوبی جرمنی کے میہل مائزل وائلڈ لائف پارک کی انتظامیہ 'پوٹن‘ نامی خنزیر کا نام تبدیل کر دینے پر تقریباﹰ اسی وقت سے غور کر رہی تھی، جب روسی صدر پوٹن نے فروری کے اواخر میں ملکی فوج کو یوکرین پر حملے کا حکم دیا تھا۔ اس مقصد کے لیے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران عام شہریوں سے آن لائن ووٹنگ کے دوران ان کی رائے بھی لی گئی تھی۔

اس رائے دہی کے دوران یہ تجویز بھی دی گئی تھی کہ اس خنزیر کا نام بدل کو یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کے نام پر 'زیلنسکی‘ یا یوکرین ہی سے تعلق رکھنے والے دو سابقہ عالمی چیمپئن باکسروں اور موجودہ سیاست دانوں 'کلِچکو برادران‘  کی نسبت سے 'کلِچکو‘ رکھ دیا جائے۔ پارک کی انتظامیہ نے بالآخر اس جانور کو 'پوٹن‘ کے بجائے 'ایبرہوفر‘ کا نیا اور غیر سیاسی نام دینے کا فیصلہ۔

Schwarzwild-Keiler „Putin“ soll umbenannt werden
پارک کی انتظامیہ نے بالآخر اس جانور کو 'پوٹن‘ کے بجائے 'ایبرہوفر‘ کا نیا اور غیر سیاسی نام دینے کا فیصلہ۔تصویر: Nicolas Armer/dpa/picture alliance

'پوٹن‘ ایک عجیب نام

میہل مائزل وائلڈ لائف پارک کے منتظم ایکارڈ مِکِش کے مطابق انہوں نے تین سال پہلے اس خنزیر کا نام 'پوٹن‘ رکھا تھا، جو خالص روسی نسل کا ایک جنگلی خنزیر ہے اور جس کا وزن اب تقریباً 200 کلوگرام (440 پاؤنڈ) ہے۔ ایسے خنزیر عام طور پر جرمنی میں پائے جانے والے جنگلی خنزیروں سے تین گنا تک بڑے ہوتے ہیں۔

ایکارڈ مِکِش کو یوکرین میں جنگ کی وجہ سے مہاجر بن کر جرمنی آنے والے یوکرینی باشندوں کے بارے میں بھی بڑی تشویش ہے۔ جرمنی میں اب تک ہزارہا یوکرینی مہاجرین پناہ لے چکے ہیں۔ اس پارک کی انتظامیہ وہاں جانے والے یوکرینی باشندوں کو یکجہتی کے اظہار کے طور پر مفت داخلے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

'ایبرہوفر‘ ایک فرضی پولیس اہلکار کا نام

ماضی میں جنگلی خنزیر 'پوٹن‘ کو جو نام دیا گیا تھا، اس کی روس اور بین الاقوامی سیاست سے نسبت واضح تھی۔ اس پارک نے یہ نام بدلنے کے لیے سوشل میڈیا پر جو آن لائن سروے کرایا، اس کا سبب جنگلی حیات سے محبت اور ہمدردی تھی۔ اب اس خنزیر کو 'ایبرہوفر‘ کا جو نیا نام دیا گیا ہے، وہ دراصل ایک مشہور جرمن بک سیریز میں ایک فرضی پولیس اہلکار کا نام ہے۔

'پوٹن‘ کو 'ایبرہوفر‘ سے موسوم کرنے کی جو تقریب حال ہی میں اس پارک میں منعقد کی گئی، اس میں اس جانور کو نئے نام کے ساتھ ساتھ کھانے کے لیے اس کے پسندیدہ بسکٹ اور کیک بھی ملے۔

کیا پوٹن کو سمجھا جا سکتا ہے؟

ر ب / م م (ڈی پی اے، روئٹرز)