1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمن وزیر خارجہ کا کییف کا اچانک دورہ

11 ستمبر 2023

جرمنی کی وزیر خارجہ انالینا بیئربوک پیر کے روز اچانک کییف پہنچ گئیں۔ انہوں نے یوکرین کو غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی اور یورپی یونین کی رکنیت کے لیے کی جانے والی اس کی پیش رفت کو سراہا۔

https://p.dw.com/p/4WBQ4
فروری 2022ء میں روس کے حملے کے بعد سے بیئربوک کا یوکرین کا یہ چوتھا دورہ تھا
فروری 2022ء میں روس کے حملے کے بعد سے بیئربوک کا یوکرین کا یہ چوتھا دورہ تھاتصویر: Dominik Butzmann/Imago Images

بیئربوک کے کییف پہنچنے کے بعد جرمن وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے، "یوکرین، بہت ہمت اور عزم کے ساتھ ہم سب کی بھی آزادی کا دفاع کر رہا ہے۔" انہوں نے مزید کہا، ''اس کے بدلے میں یوکرین ہم پر اعتماد کرسکتا ہے۔‘‘

وزارت خارجہ کے بیان میں بیئربوک کے حوالے سے یہ بھی کہا گیا ہے، ''ہم روس کی جارحیت کے خلاف یوکرین کے اقدامات کا دفاع کرنے اور اقتصادی، عسکری اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں اس کی حمایت جاری رکھنے کی اپنی کوششوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘

جرمنی اپنے لیوپارڈ ٹو ٹینک یوکرین کو دینے پر رضامند، ایک رپورٹ

فروری 2022ء میں روس کے حملے کے بعد سے بیئربوک کا یوکرین کا یہ چوتھا دورہ تھا۔

یوکرین کی یورپی یونین میں شمولیت کی حمایت

امید کی جارہی ہے کہ بیئربوک اپنے اس دورے کے دوران یوکرین کی یورپی یونین کی رکنیت سے متعلق بھی کییف حکام کے ساتھ بات چیت کریں گی۔

یوکرین کو ایک سال قبل ہی یورپی یونین کی رکنیت کے امیدوار کا درجہ مل چکا ہے اور وہ اس سال اس موضوع پر باضابطہ مذاکرات شروع ہونے کی امید کر رہا ہے کہ اسے اپنی رکنیت کے دعوے کو مضبوط کرنے کے لیے کن اقدامات کی ضرورت ہے۔

یوکرین کا مستقبل یورپی یونین میں ہے، یورپی رہنما

بیئربوک نے کہا کہ یوکرین نے پہلے ہی عدالتی اصلاحات سمیت کچھ شعبو ں میں ''اچھی پیش رفت‘‘ کی ہے لیکن کہا کہ اس کے پاس بدعنوانی سے نمٹنے کے لیے''ابھی کچھ اور کرنا‘‘ باقی ہے۔

انہوں نے یوکرین کی یورپی یونین میں شمولیت کے حوالے سے جرمنی کے پرعزم حمایت کی تصدیق کی۔

انہوں نے مزید کہا، ''ہمیں یورپی یونین کے طور پر اب تیزی سے کام کرنا چاہیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مزید ملکوں کی شمولیت کے سلسلے میں ہمارا موقف درست ہے۔‘‘

جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ امن کی طرف پہلا قدم یہ ہے کہ پوٹن ان بچوں کو ان کے گھر واپس جانے دیں
جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ امن کی طرف پہلا قدم یہ ہے کہ پوٹن ان بچوں کو ان کے گھر واپس جانے دیںتصویر: Mikhail Tokmakov/TASS/dpa/picture alliance

بچوں کی جبراً منتقلی پر مایوسی کا اظہار

جرمن وزیر خارجہ بیئربوک نے یوکرینی بچوں کی روس کو جبراً منتقلی پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن یوکرینی عوام کے حوصلے کو پست کرنے کے لیے کسی بھی چیز سے باز نہیں آئیں گے۔

روسی جنگی جرائم کو ختم کرانا جرمنی کی ذمہ داری، بیئربوک

بیئربوک نے کہا، ''ہم ان تنظیموں، یوکرین کے حکام اور این جی اوز کی حمایت کرتے ہیں، جو اغوا شدہ بچوں کو گھر واپس لانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا، ''اس جنگ کا بوجھ معصوم بچوں کی پیٹھ پر ڈالنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔‘‘

جرمن وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امن کی طرف پہلا قدم یہ ہے کہ پوٹن ان بچوں کو ان کے گھر واپس جانے دیں۔

ج ا/       (اے ایف پی)