1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمجرمنی

جرمن ٹرین میں چاقو سے حملہ، دو افراد ہلاک

26 جنوری 2023

جرمنی میں ایک چاقو بردار شخص نے ٹرین میں حملہ کرتے ہوئے کم از کم دو افراد کو ہلاک اور سات کو زخمی کر دیا ہے۔ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کی شناخت ایک بے وطن فلسطینی کے طور پر کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4MiIq
جرمنی میں ایک چاقو بردار شخص نے ٹرین میں حملہ کرتے ہوئے کم از کم دو افراد کو ہلاک اور سات کو زخمی کر دیا ہے
جرمنی میں ایک چاقو بردار شخص نے ٹرین میں حملہ کرتے ہوئے کم از کم دو افراد کو ہلاک اور سات کو زخمی کر دیا ہےتصویر: Fabian Bimmer/REUTERS

بدھ کے روز جرمنی کے شمال میں کیے جانے والے اس حملے کے محرکات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکے۔ جرمنی کی وفاقی پولیس فورس کا کہنا ہے کہ کیل شہر سے ہیمبرگ جانے والی ریجنل ٹرین ابھی بروک شٹیڈ نامی اسٹیشن پر پہنچنے ہی والی تھی کہ مشتبہ شخص نے کئی مسافروں پر حملہ کرنے کے لیے چاقو کا استعمال کیا۔

مقامی پولیس کے ایک ترجمان یورگن ہینگسن کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ تین شدید زخمی ہوئے ہیں۔ چار افراد کو معمولی قسم کی چوٹیں آئی ہیں۔ ابھی تک اس حملے کے متاثرین کے بارے میں بھی کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

پولیس کے مطابق حملہ آور بھی زخمی ہے اور ابھی ایک ہسپتال میں اس کا علاج جاری ہے۔

جرمن وزیر داخلہ نینسی فیزر نے اس ''وحشیانہ حملے‘‘ پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ان کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ''ریجنل ٹرین میں چاقو سے حملہ افسوس ناک خبر ہے۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں اس خوف ناک فعل کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں‘‘۔

’یہ انیس ہزار یورو مجھے سڑک سے ملے،‘ خاتون تھانے پہنچ گئی

جرمن وزیر داخلہ کا اس تناظر میں مزید کہنا تھا، ''اس جرم کا پس منظر جاننے کے لیے تیز رفتار تفتیش کی جا رہی ہے‘‘۔  انہوں نے اس موقع پر پولیس اور امدادی کارکنوں کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جن کا ردعمل مناسب اور فوری تھا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور نے جونہی چاقو نکالا تو لوگوں نے پولیس کو ایمرجنسی کالیں کرنا شروع کر دی تھیں۔ ٹرین کو راستے میں ہی ہنگامی طور پر روک لیا گیا تھا اور جب تک پولیس جائے وقوعہ تک پہنچی، تب تک چند مسافروں نے حملہ آور کو پکڑ لیا تھا۔

صوبائی وزیر داخلہ زابینے زوئٹرلین واک نے بھی اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا، ''ہمیں ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ ایسا کچھ ہمارے سامنے ہو گا‘‘۔ صوبائی وزیر داخلہ نے بعدازاں جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ حملہ آور کی عمر تینتیس برس ہے اور وہ ایک بے وطن فلسطینی ہے۔

جرمنی کے سرکاری ٹی وی این ڈی آر کے مطابق علاقائی اور وفاقی پولیس نے مشترکہ طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق جس وقت حملہ کیا گیا، اس وقت ٹرین پر مجموعی طور پر 120 افراد سوار تھے جبکہ پولیس کی جانب سے ان میں سے 70 افراد سے سوال جواب کیے گئے ہیں۔

ا ا / ع س (ڈی پی اے، روئٹرز)