1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن پارلیمانی وفدکاسیلاب زدہ علاقوں کا دورہ

4 نومبر 2010

امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک کے ساتھ جرمنی نے بھی سیلابزدگان کی مدد کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ جرمن ریڈ کراس نے جس طرح متاثرہ افراد کی مدد کی، اسے حکومت پاکستان ہی نہیں بلکہ سیلاب زدگان بھی سراہتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/PycH
سیلاب زدگان کو امداد کی اشد ضرورت ہےتصویر: AP

سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لئے حالیہ دنوں میں جرمن پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے معاشی امور کے ایک چھ رکنی وفد نے سندھ اور پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔

کراچی میں اس جرمن وفد کی سربراہ اُوٹے کوچی نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا وفد متاثرین کی امداد اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے پاکستان آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اراکین نے اس بات کا بھی جائزہ لیا ہے کہ جرمنی کی جانب سے فراہم کردہ امداد کو کس طرح استعمال کیا جارہا ہے۔

Pakistan Flut Katastrophe 2010 Flash-Galerie
جرمن وفد متاثرین کی امداد اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے پاکستان گیاتصویر: DW

وفد میں شامل جرمن پارلیمانی کیمٹی برائے امور خارجہ کے ایک رکن ڈاکٹر یُٹنر کا کہنا تھا کہ ان کی پاکستان آمد کا مقصد اس عزم کا اظہار ہے کہ جرمن حکومت اور قوم مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہے۔

اس موقع پر کراچی میں متعین جرمن قونصل جنرل کرسٹیان برَیشت کا کہنا تھا کہ جرمن پارلیمنٹ کے ارکان کے دورے سے عالمی سطح پر پاکستان کے بارے میں منفی تاثر میں یقینی طور پر کمی آئے گی۔

17 Juni 1953 Jahrestag Bundestag
جرمن پارلیمنٹ کا ایک منظرتصویر: AP

جرمن قونصل جنرل نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ پارلیمنٹ کے وفد نے پاکستان آ کر متاثرین سیلاب کے حوالے سے صورتحال کا ذاتی طور پر جائزہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وفد مزید امداد کے لئے جرمن پارلیمنٹ کو درست طور پر معلومات فراہم کر سکے گا کیونکہ اب پاکستان میں حقیقی صورت حال اس وفد کے سامنے آ گئی ہے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ بعض غیر سرکاری تنظیموں کی طرف سے امداد کے حوالے سے کچھ منفی باتیں کی جا رہی تھیں، لہٰذا وفد نے یہاں کام کرنے والی این جی اووز کے نمائندوں سے ملاقات کر کے بھی حقیقی صورتحال جانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی اقتصادی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ یہ بہت خوبصورت شہر ہے اور یہاں کے لوگ بھی بہت محبت کرنے والے ہیں۔

رپورٹ: رفعت سعید، کراچی

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں