1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن چانسلر کا دورہ ء افریقہ اختتام پذیر

15 جولائی 2011

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا دورہ ء افریقہ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ جمعرات کو انہوں نے نائجیریا کے دارالحکومت میں صدر گڈلک جوناتھن سے ملاقات میں کہا کہ جرمنی ابوجہ حکومت کے ساتھ تعاون میں مزید بہتری لانے کا خواہشمند ہے۔

https://p.dw.com/p/11vmO
جرمن چانسلر میرکل اور نائجیریا کے صدر گڈلک جوناتھنتصویر: dapd

نائجیریا جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے تین روزہ دورہء افریقہ کی آخری منزل تھی۔ تیل اور قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال نائجیریا کے دارالحکومت ابوجہ میں صدر گڈلک جوناتھن سے ملاقات کے بعد میرکل نے کہا کہ برلن حکومت نائجیریا کے ساتھ توانائی کے شعبے میں زیادہ تعاون چاہتی ہے، ’جرمنی چاہتا ہے کہ نائجیریا میں بالخصوص دیہی علاقوں میں ہائیڈرو پاور پلانٹ قائم کیے جائیں‘۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے گڈ لک جوناتھن کو آئندہ برس جرمنی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ انگیلا میرکل کے اس دورے کے دوران وہاں سکیورٹی انتہائی سخت تھی۔ گزشتہ کچھ ہفتوں سے اس افریقی ملک کے شمالی علاقوں میں پر تشدد واقعات تسلسل کے ساتھ رونما ہو رہے ہیں۔ ان پر تشدد واقعات کے لیے اسلامی جنگجوؤں کو ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔

Superteaser NO FLASH Kanzlerin Merkel in Nigeria
نائجیریا آمد پر جرمن چانسلر کا شاندار استقبال کیا گیاتصویر: picture alliance / dpa

نائجیریا کی سلامتی کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے میرکل نے کہا،’ہم نے ابوجہ حکومت سے کہا ہے کہ ترقی کی راہوں پر گامزن ہونے کے لیے تشدد اور دہشت گردی پر قابو پانا ناگزیر ہے‘۔ جرمن چانسلر نے نائجیریا میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’ہم نے یہ واضح کیا ہے کہ انسانی حقوق کا احترام انتہائی ضروری ہے‘۔ نائجیریا کی سکیورٹی فورسز پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ اسلامی جنگجوؤں کی کھوج کے لیے انتہائی سخت کارروائیاں کرتی ہیں اور بعض اوقات اس عمل کے دوران عام شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا ہے اور ان کے گھر نذر آتش کر دیے جاتے ہیں تاہم ابوجہ حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔

افریقہ میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والے ملک نائجیریا میں انفراسٹرکچر کی عدم موجودگی کی وجہ سے ابھی وہاں کے تمام قدرتی وسائل تک رسائی نہیں ہو سکی ہے۔ تاہم پھر بھی وہ تیل برآمد کرنے والے بڑے ملکوں کی فہرست میں شامل ہوتا ہے۔ نائجیریا سے برآمد کیے جانے والے خام تیل کا تین فیصد جرمنی کو جاتا ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل جمعرات کی شام کو افریقہ کا دورہ مکمل کر کے جرمنی واپس روانہ ہو گئی تھیں۔ وہ اپنے تین روزہ دورہء افریقہ کے دوران کینیا اور انگولا بھی گئیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ اچھے اقتصادی تعلقات استوار کرنا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید