جرمنی نے افغان شہریوں کی ملک بدری معطل کر دی
12 اگست 2021جرمن وزارت داخلہ نے بدھ کے روز ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ افغانستان میں غیر مستحکم سکیورٹی صورت حال کے مدنظر افغان شہریوں کی ملک بدری عارضی طورپر روک دی ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے ساتھ ہی پورے ملک پر طالبان بڑی تیزی سے کنٹرول حاصل کرتے جارہے ہیں اور اب تک کئی صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک کے بہت بڑے حصے پر قبضہ کرچکے ہیں۔
جرمن وزیر داخلہ نے کہا،”جنہیں جرمنی میں رہائش کا کوئی حق نہیں ہے انہیں ملک چھوڑنا ہی ہوگا، لیکن ایک آئینی ریاست اپنی ذمہ داریوں کو بھی سمجھتی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہے کہ ملک بدر کیے جانے والے افراد خطرات سے دو چار نہ ہو جائیں۔"
قبل ازیں جرمن وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ اسے لگتا ہے کہ سیاسی پناہ کے خواہش مند افغانوں کی ملک بدری اب بھی ممکن ہے۔
’ملک بدری ختم کرنے کا فیصلہ جرمن حکومت کرے گی‘
وزارت داخلہ کے ترجمان اسٹیو الٹر نے بدھ کے روز بتایا کہ تقریباً 30 ہزار افغانوں کوجرمنی سے ملک بدر کیا جا نا ہے۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،”وزارت کا اب بھی یہی نقطہ نظر ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں جرمنی سے جانا ہوگا، حتی الامکان جتنی جلد ممکن ہو۔"
نیدرلینڈز کا کیا کہنا ہے؟
نیدر لینڈز کے وزیر انصاف نے بدھ کے روز ہیگ میں پارلیمان کو بتایا کہ پورے افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی کے مدنظر ملک بدری کا سلسلہ اگلے بارہ مہینوں کے لیے معطل کیا جا رہا ہے۔
نیدرلینڈز کے وزیر انصاف نے بتایا کہ وزارت خارجہ اپنے حتمی فیصلے سے قبل افغانستان میں سکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لے رہی ہے۔
ایک ہفتے قبل ہی ڈچ حکومت نے افغان حکومت سے اپیل کی تھی کہ پناہ حاصل کرنے میں ناکام ہوجانے والے افغانوں کو آنے کی اجازت دینے کا سلسلہ جاری رکھے۔
یورپی یونین کے چھ دیگر رکن ممالک بشمول جرمنی نے اس سے قبل افغانوں کو یورپ سے ملک بدری کو روکنے کے خلاف متنبہ کیا تھا۔
یورپ سے افغان مہاجرین کی ملک بدری بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ایمنسٹی
خیال رہے کہ مئی کے اوائل میں افغانستان سے نیٹو افواج کی واپسی کے اعلان کے بعد سے ہی طالبان نے اپنے حملے تیز کردیے ہیں اور ملک کے بیشتر حصوں میں ان کی پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ دنوں میں طالبان نے 34 صوبائی دارالحکومتوں میں سے نو پر قبضہ کر لیا ہے۔
افغان فورسز اور طالبان کے درمیان جنگ کی وجہ سے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا اتلاف ہو رہا ہے۔
ج ا/ ص ز (اے پی، ڈی پی اے)