1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں برفباری سے معمولات زندگی متاثر، تین افراد ہلاک

31 جنوری 2010

جرمنی میں شدید برفباری کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ موسم کی شدت کا سب سے زیادہ اثر ٹریفک کے نظام پر پڑا، جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں کم از کم تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

https://p.dw.com/p/LnqQ
تصویر: AP

جرمنی کے مختلف علاقوں میں برفباری کے نئے سلسلہ کا آغاز جمعہ کی شب ہوا۔ یہ سلسلہ ہفتہ کو دن بھر جاری رہا۔ اس صورت حال میں بعض موٹرویز بند کر دی گئیں جبکہ کئی علاقوں میں گھنٹوں ٹریفک جام رہا۔

ٹریفک حادثات کا عالم یہ رہا کہ صرف ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں ایسے 300 حادثے پیش آئے جبکہ ایک شخص ہلاک بھی ہوا۔ ملک کے بعض ہوائی اڈوں پر موسم کی شدت کے باعث متعدد پروازیں مؤخر یا منسوخ کر دی گئیں۔

شمالی شہر روشٹوک میں صرف ایک رات میں 12انچ برف پڑی، جس کے باعث بس سروس بھی منقطع کر دی گئی، جبکہ کھیلوں کے مقابلے بھی منسوخ کر دیے گئے۔

BdT Deutschland Winter Wetter Altstadt in Heidelberg
ہائیڈل بیرگ شہر کا ایک منظرتصویر: AP

جرمنی کے جنوب مغربی ’بلیک فارسٹ‘ کے پہاڑی علاقے میں دو افراد برفانی تودے کی زد میں آئے، تاہم انہیں بچا لیا گیا۔ منگل کے لئے مزید برفباری کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ 1979ء کے بعد سے ملک میں اس نوعیت کی برفباری نہیں دیکھی گئی تھی۔

بعض علاقوں میں پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی کہ سفر سے احتراز برتیں۔ ساتھ ہی ذاتی گاڑیوں پر سفر کرنے والوں کو خبردار بھی کیا گیا کہ وہ ایسے موسم میں کسی مشکل میں پڑے، تو انہیں مدد کے لئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب عوام میں سے بعض ایسے بھی تھے، جنہوں نے سخت موسم کا لطف بھی اُٹھایا۔ کئی علاقوں میں لوگ برفباری کا نظارہ دیکھنے کے لئے اپنے گھروں سے نکلے۔

رواں ماہ کے آغاز پر بھی جرمنی سمیت یورپ کے بیشتر ممالک میں برفباری کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا تھا۔ اس وقت بھی جرمنی ہی سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ