1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیات

جرمنی میں ریکارڈ سرپلس بجٹ

14 جنوری 2020

ایک ایسے وقت میں جب کئی ملک لگاتار بجٹ کے خسارے سے نمٹنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جرمنی غیر معمولی معاشی استحکام کی مثال کیسے بنا؟

https://p.dw.com/p/3WBMd
Symbolbild | Geld | Umschlag
تصویر: imago images/teamwork/A. Duwentäster

جرمن حکام نے سال دو ہزار انیس میں ساڑھے تیرہ ارب یورو کے ریکارڈ سرپلس بجٹ کا اعلان کیا ہے۔

حالیہ پانچ برس میں یہ تیسری بار ہے کہ یورپ کی سب سے بڑی معیشت کا بجٹ سرپلس ہو گیا ہے۔ سن دو ہزار پندرہ میں جرمنی کا بجٹ بارہ ارب یورو سے کچھ زیادہ سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

پاکستان جیسے ملکوں میں اس وقت شرح سود کافی زیادہ ہے اور سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ کاروباری لوگ ٹیکس نہیں دیتے، جس کے باعث حکومت کا خزانہ خالی رہتا ہے اور ملک  بیرونی قرضوں اور امداد پر چلتا ہے۔

جرمنی میں صورتحال اس کے بر عکس ہے۔ حکام کے مطابق پچھلے سال ملک میں ریکارڈ بجٹ سرپلس کی بڑی وجہ توقع سے زیادہ ٹیکس آمدنی اور منفی شرح سود رہی۔

 

جرمن وزیر خزانہ اولاف شُلز
تصویر: picture-alliance/dpa/K. Nietfeld

ٹیکس آمدنی کے اس غیر متوقع اعلان پر جرمنی کی حکمراں جماعت سی ڈی یو اور بعض دیگر سیاستدانوں نے کاروباری طبقے کے لیے ٹیکسوں میں چھوٹ کا مطالبہ دہرایا ہے۔ سرمایہ دار حلقوں کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیکس محصولات کی اچھی صورتحال کے پیش نظر اس کی گنجائش موجود ہے تاکہ کاروبار کو فروغ ملے۔

دیگر یورپی ممالک بجٹ کا جتنا حصہ بڑے منصوبوں پر لگاتے ہیں، جرمنی اس سے کہیں کم خرچ کرتا آیا ہے۔ اسی لیے بعض ملک جرمنی پر تنقید کرتے رہے ہیں کہ حکومت بڑے تعمیراتی منصوبوں پر پیسہ خرچ کرنے کی بجائے خزانے میں جمع کرتی آئی ہے۔ ناقدین کے بقول اس حکمت عملی سے ملک کی معاشی ترقی متاثر ہوئی ہے۔

جرمن وزیر خزانہ اولاف شُلز اقرار کرتے ہیں کہ ماضی میں تعمیر و ترقی کے منصوبوں میں پیسہ نہیں لگایا جا سکا، جس کی وجہ سرکاری نظام کی سست روی اور جرمن بیوروکریسی کی پیچیدگیاں ہیں۔

تاہم جرمن وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ اب جرمنی کو اپنے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے اسکولوں، ہسپتالوں اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق منصوبوں میں پیسہ لگانا ہو گا۔