جرمنی میں سب سے زیادہ تنخواہ کس شہر میں کمائی جا سکتی ہے؟
21 جولائی 2020مشرقی اور مغربی جرمنی کے اتحاد کو تین دہائیوں کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی دونوں خطوں کے شہریوں کی ماہانہ آمدن میں نمایا طور پر فرق پایا جاتا ہے۔ جرمنی کی وفاقی ایجنسی برائے ملازمت و روزگار کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جرمن کار ساز ادارے فوکس واگن کی پیداوار کے لیے مشہور شہر وولفسبرگ اور آؤڈی جیسی گاڑیوں کے پلانٹ کے شہر انگول اشٹاٹ میں ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے میں اوسطاﹰ سب سے زیادہ تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں۔
مزید پڑھیے: یورپ میں رہائش اور ملازمت، بلیو کارڈ کسے ملتا ہے؟
وفاقی ادارے کے مطابق سن 2019 کے دوران وولفسبرگ میں ایک شخص کی ماہانہ آمدن اوسطاﹰ 5089 یورو تک بنتی ہے جب کہ جنوبی صوبہ باویریا کے شہر انگول اشٹاٹ میں ایک شخص اوسطاﹰ 5004 یورو اور ایرلانگن میں 4907 یورو تک کماتا ہے۔
مشرقی اور مغربی جرمنی کی تنخواہوں میں اب بھی فرق
دریں اثناء صوبائی سطح پر صوبے ہیمبرگ میں اوسطاﹰ آمدن 3820 یورو بتائی گئی ہے جو کہ جرمنی کی تمام سولہ ریاستوں سے تقریباﹰ 400 یورو زیادہ بنتی ہے۔ ادھر شمال مشرقی صوبے میکلن بُرگ فورپومرن میں لوگوں کی اوسط تنخواہ 2608 ہے جو کہ جرمنی بھر میں سب سے کم ماہانہ آمدن ہے۔
مشرقی جرمنی میں مجموعی طور پر ماہانہ ادائیگی مغربی جرمنی کے مقابلے میں کم ہوتی ہے۔ جرمنی میں تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے ترتیب دی گئی اضلاع کی درجہ بندی میں سب سے نیچے کے 59 اضلاع سابقہ مشرقی جرمنی میں واقع ہیں۔ جبکہ مغربی خطے میں 2763 یورو کے ساتھ سب سے کم آمدن والا ضلع زؤڈ ویسٹ فالز بتایا گیا ہے۔
سب سے کم تنخواہ والے علاقے
جرمن صوبے سیکسنی کے ضلع گؤرلٹز میں سب سے کم تنخواہ ادا کی جاتی ہے۔ وہاں لوگوں کو اوسطاﹰ 2380 یورو کی ماہانہ آمدن کے ساتھ گزارا کرنا پڑتا ہے۔ بائیں بازو کی سیاسی جماعت کے ایک جائزے کے مطابق مغربی جرمنی کے امیر ترین اضلاع کے لوگوں کی اوسطاﹰ آمدن مشرقی جرمنی کے غریب ترین اضلاع سے دوگنا زیادہ ہے۔
بائیں بازو کی سیاسی جماعت ڈی لنکے جماعت کی رکن پارلیمان زبین سمرمان کا کہنا ہے کہ مشرقی جرمنی میں آمدنی کی کمی ناقابل قبول ہے۔ سمرمان کے بقول، وفاقی حکومت کو مختلف علاقوں میں ملازمت کے معاہدوں میں اجرت اور تنخواہوں میں تفریق کو استثنیٰ کے طور پر قبول نہیں کرنا چاہیے۔
ڈریسڈن اور پوٹسڈام میں بہتر تنخواہیں
علاوہ ازیں مشرقی جرمنی کے بعض شہروں میں اچھی کمائی کی جا سکتی ہے۔ جرمنی کی وفاقی ایجنسی برائے ملازمت و روزگار کے مطابق ڈریسڈن اور پوٹسڈام شہر میں ماہانہ آمدن تقریباﹰ 3200 یورو کے ساتھ باویریا کے شہر روزن ہائم اور اشٹراؤبنگ کے برابر ہے۔
یہ بھی پڑھیے: جرمنی کو غیر یورپی ہُنرمندوں کی تلاش
جرمنی میں صنفی بنیاد پر آمدن میں غیر مساوی سلوک ایک اور سنگین مسئلہ ہے۔ باویریا کے انگول اشٹاٹ میں گزشتہ سال فل ٹائم ملازمت کرنے والے مردوں کی آمدن ایسی ہی نوکری پیشہ خواتین کے مقابلے میں 156 فیصد زیادہ تھی۔
ع آ / ک م (ڈی پی اے، بی اے اے)