جرمنی میں سینکڑوں بچوں سے جنسی زیادتی، دو مجرموں کو سزائیں
5 ستمبر 2019جرمن عدالت نے جمعرات پانچ اگست کو جن دو مجرموں کو مختلف مدت کی سزائیں سنائی ہیں، اُن میں ایک چھپن سالہ اندریاس وی ہے، جس پر دو سو سے زائد بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ چونتیس بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام ثابت ہونے پر عدالت نے اِس مجرم کو تیرہ سال کی سزائے قید سنائی ہے۔
اس مقدمے میں ملوث مجرم اندریاس وی کے چونتیس سالہ ساتھی ماریو ایس پر پچاس بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور ناروا سلوک کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ استغاثہ کے شواہد کی بنیاد پر اِسے عدالت نے بارہ برس کی سزا سنائی ہے۔
جرمن عدالت نے نجی معلومات کے قانون کے تحت دونوں مجرموں کے ناموں کی مکمل تفصیلات بیان نہیں کی ہیں۔ ان وارداتوں کی لائیو اسٹریم دیکھنے والے تیسرے شخص کو عدالت نے دو برس کی قید کا حکم دیا ہے۔
بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی ابتدا مرکزی مجرم اندریاس وی کی رہائش پر کی گئی تھی۔ مجرم کا مکان شمال مغربی جرمنی میں واقع قصبے لُؤگڈے میں واقع ہے۔ دوسرے مجرم ماریو ایس نے بچوں کے ساتھ زیادتی و جبر کی وارداتوں کا ارتکاب لُؤگڈے کی قریبی بستی اشٹائن ہائیم میں کیا تھا۔
عدالت میں ایک ماہر نفسیات نے بیان دیتے ہوئے واضح کیا کہ چھپن سالہ مجرم بنیادی طور پر جوڑ توڑ کرنے والا، نرگسیت کا مارا ہوا اور غیر سماجی رویے کا حامل ہے۔ ماہر نفسیات کے مطابق نفسیاتی ٹیسٹس سے معلوم ہوا ہے کہ اندریاس وی کے دماغ میں بچوں کے ساتھ ناروا سلوک کرنے کا رویہ بہت گہرا ہے۔
دونوں مجرموں نے بچوں کے ایک کیمپ میں جمع بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا ارتکاب سن 1999 میں شروع کیا تھا۔ یہ دونوں افراد جنسی زیادتی اور ناروا سلوک کی ویڈیو بھی بناتے تھے۔
عدالت کی خاتون جج نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا کہ جن بچوں کے ساتھ ایسا کچھ ہوا ہے، اُسے ضبط تحریر نہیں لایا جا سکتا۔ ان مجرموں کو عدالت نے کم از کم چونتیس بچوں کے جنسی زیادتی کا الزام ثابت ہونے کی بنیاد پر سزائے قید سنائی ہے۔ جج نے یہ بھی تحریر کیا کہ ان مجرموں نے اپنی جنسی طلب اور بھوک مٹانے کے لیے چونتیس بچوں کے بچپن کو تباہ کر دیا تھا۔
ع ح، ا ا ⁄ ڈی پی اے