جرمنی میں ہزار سال سے بھی پرانے کیتھیڈرل
جرمنی ميں کئی ايسے تاریخی کیتھیڈرل موجود ہيں، جو ايک ہزار برس سے بھی زیادہ عرصہ قبل تعمير کيے گئے تھے تاہم ان کی تعمیراتی شان و شوکت اور مذہبی اہمیت آج بھی برقرار ہے۔
سينٹ پيٹرز کيتھيڈرل، ٹريئر
جرمنی کا سب سے قديم کيتھيڈرل اس ملک کے سب سے پرانے اور تاريخی شہر ميں ہی واقع ہے۔ ٹريئر 313 عيسوی ميں بشپ کی مذہبی عمل داری کا مرکز بنا اور اسی وقت وہاں ايک تاريخی گرجا گھر کا قيام عمل ميں آيا۔ ہائی کيتھيڈرل آف سينٹ پيٹرز کی بنياد نويں صدی ميں رومنوں نے رکھی تھی۔ اسے آج جرمنی کا قديم ترين کيتھيڈرل مانا جاتا ہے۔
’دا ہولی روب‘
ٹريئر کے کيتھيڈرل ميں سب سے قيمتی شے يسوح مسيح کی چادر يا ان کا لباس ہے، جسے ’دا ہولی روب‘ کہا جاتا ہے۔ تاريخ دان کہتے ہيں کہ رومن شہنشاہ کونسٹينٹين کی والدہ ہيلينا چوتھی صدی ميں يہ چادر ٹريئر لے کر آئی تھيں۔ اسے اس کيتھيڈرل کے بشپ کی دعوت پر شاز و نادر ہی نمائش کے ليے نکالا جاتا ہے۔
آخن کيتھيڈرل
رومن شہنشاہ شارليمينگے آخن ميں وسيع پيمانے پر تعميرات کے ذريعے وہاں ايک نيا روم قائم کرنا چاہتا تھا۔ آج اس جرمن شہر ميں قائم کيتھيڈرل کا کليدی حصہ ايک گرجا گھر ہے، جسے صرف دس سال کے عرصے ميں مکمل کيا گيا تھا۔ آخن کيتھيڈرل کو سن 1978 ميں يونيسکو کے عالمی ثقافتی ورثوں کی فہرست ميں شامل کيا گيا تھا۔ يہ اس فہرست کا حصہ بننے والا جرمنی کا پہلا ثقافتی مقام تھا۔
آخن کيتھيڈرل کا گنبد
آخن کيتھيڈرل کا گنبد، جسے کپولا بھی کہا جاتا ہے، بتيس ميٹر اونچا ہے۔ شاید يہ آج کل کی تعميرات کے لحاظ سے کوئی انہونی بات نہيں ليکن اس قديم وقت کے لوگوں کے ليے يہ ايک انتہائی بڑا شاہکار تھا۔ کئی صدیوں کے دوران جرمنی کے تيس بادشاہوں اور حکمرانوں کی تاج پوشی اسی گنبد تلے ہوئی تھی۔
شارليمانيے کا مقبرہ
رومن شہنشاہ شارليمانيے 814 عیسوی ميں وفات پا گيا تھا، جس کے بعد اسے آخن کيتھيڈرل ميں دفنا ديا گيا تھا۔ سنہرے رنگ کا یہ مقبرہ اسی کا ہے۔ آخری مرتبہ محققين نے يہ مقبرہ سن 1988 ميں کھولا تھا، جس پر انہيں پتہ چلا کہ شارليمانيے کا قد 1.84 ميٹر تھا، جو اس وقت کے لوگوں کی قد کے لحاظ سے کافی اچھا قد تھا۔
سينٹ مارٹنز کيتھيڈرل، مائنز
مائنز کيتھيڈرل کے ايک ہزار برس مکمل ہونے پر دو مرتبہ تقريبات کا انعقاد ہو چکا ہے۔ پہلی مرتبہ سن 1975 ميں، جب اس کی بنياد رکھنے کے عمل کو ايک ہزار سال پورے ہوئے۔ پھر دوسری مرتبہ سن 2009 ميں جب کی کی تعمير مکمل ہونے کے ايک ہزار برس پورے ہوئے تھے۔
بامبرگ کيتھيڈرل
بامبرگ کيتھيڈرل کو جرمن بادشاہ ہينری دوئم کی سالگرہ کے موقع پر چھ مئی سن 1012 کو مذہبی مقاصد کے ليے مختص کر ديا گيا۔ اس وقت اس شاندار تقريب ميں پينتاليس بشپس نے حصہ ليا۔
میرزےبرگ کيتھيڈرل
يہ کيتھيڈرل جرمن رياست سيکسنی انہالٹ ميں واقع ہے اور سن 2015 ميں اس کے قيام کے ايک ہزار برس مکمل ہوئے۔ اس کيتھيڈرل کی بنياد بشپ تھيٹمار نے سن 1015 ميں رکھی تھی۔ اس کيتھيڈرل کی پرانی ديواريں ہالی ووڈ کی فلموں کے ليے بہترين پس منظر فراہم کرتی ہيں۔ پانچ برس قبل جارج کلونی کی فلم ’دا مونيومنٹس‘ اس مقام پر بھی فلمائی گئی تھی۔
سينٹ ميريز کيتھيڈرل، ہلڈزہائم
ہلڈزہائم کا کيتھيڈرل خود بھی کافی پرانا ہے ليکن اس کی ديواروں پر گلاب کے پودے اس سے بھی پرانے ہيں۔ اس کيتھيڈرل کی تعمير سن 1061 ميں مکمل ہوئی تھی اور يوں اسے فی الحال ايک ہزار سال پورے نہيں ہوئے ہيں۔
وورمز کيتھيڈرل
وورمز کے سينٹ پيٹرز کيتھيڈرل کی تعمير ٹھیک ایک ہزار برس قبل سن 1018 ميں مکمل ہوئی تھی۔ اسے برشارڈ آف وورمز نے تعمير کرايا تھا۔