جرمنی: وائن فیسٹیول میں بھڑوں کا حملہ، 18 زخمی
3 ستمبر 2018جرمنی کے وائن پیدا کرنے والے کئی شہروں میں ان دنوں وائن فیسٹیول منعقد کیے جاتے ہیں۔ وائن گارٹن نامی ایک قصبے میں بھی سینکڑوں افراد ایسے ہی ایک فیسٹیول میں شریک ہو کر وائن سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔
تاہم اس علاقے کی بھڑوں کو غالبا یہ جشن پسند نہیں آیا اور ان سرخ بھڑوں نے شرکا پر حملہ کر دیا۔ یوں وائن کے دلدادہ اٹھارہ افراد زخمی ہو گئے اور ان میں سے تیرہ کو تو ہسپتال منتقل کرنا پڑ گیا۔
وائن گارٹن نامی یہ قصبہ جرمن شہر کارلس روہے کے قریب واقع ہے۔ اس واقعے کے بعد ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور فیسٹیول کے مقام پر پہنچیں۔ مقامی حکام کے مطابق تیرہ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں تاہم ان میں سے کسی شخص کی حالت خطرے میں نہیں ہے۔
فیسٹیول میں شریک افراد کے مطابق بھڑوں کی بڑی تعداد حملہ آور ہوئی جس کے بعد فیسٹیول میں بھگدڑ مچ گئی۔ انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو مطلع کر دیا۔ جس کے بعد دو ریسکیو ٹیمیں جائے واقعہ تک پہنچ گئیں جن میں بھڑوں اور شہد کی مکھیوں کے حملوں سے نمٹنے کے ماہرین بھی شامل تھے۔
ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ جرمنی میں بھڑوں کو ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار قرار دے کر تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ بھڑوں کے چھتے بھی صرف سرکاری اجازت حاصل کر کے ہی ہٹائے جا سکتے ہیں۔
عام طور پر بھڑوں کا حملہ عام افراد کے لیے جان لیوا نہیں ہوتا، تاہم الرجی کے مریض افراد کے لیے بھڑیں خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔