1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی، چوبیس گھنٹے میں کووڈ 19 سے ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں

30 دسمبر 2020

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ اسی دوران ملک میں کووڈ انیس کے تقریباﹰ ساڑھے بائیس ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔

https://p.dw.com/p/3nMWj
تصویر: Antonio Calanni/AP Photo/picture alliance

متعدی امراض کی تحقیق کے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق اب تک جرمنی میں تقریباﹰ سترہ لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اور  32،107 افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔ 

کورونا وائرس کے مجموعی کیسز میں کمی نہیں آئی

مغربی یورپی ملک جرمنی میں  اس سال دسمبر کے اوائل سے  سماجی اور کاروباری پابندیوں کے باوجود کورونا وائرس کے مجموعی کیسز میں کمی نہیں آئی ہے۔ ملک کی سولہ ریاستوں میں تعلیمی اداروں، زیادہ تر دکانیں، بارز اور ریسٹورانٹس دسمبر کے ابتدائی دنوں سے اگلے سال دس جنوری تک لاک ڈاؤن کے دوران بند رہیں گے۔  کئی جرمن سیاست دان اور چانسلر انگیلا میرکل کے دفتر کی جانب سے ایسے بیانات دیے گئے ہیں جو ظاہر کرتے ہیں کہ ملک میں پابندیوں کا سلسلہ دس جنوری کے بعد بھی جاری رہے گا۔

ویکسین کی فراہمی

رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق اب تک 42 ہزار افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دے دی گئی ہے۔ جرمنی میں گزشتہ اتوار سے ویکیسن دیے جانے کا آغاز ہو چکا ہے۔ جرمن حکومت صحت سے متعلق مقامی طبی انتظامیہ کو اس سال کے اختتام تک ویکیسن کی 1.3 ملین خوراکیں فراہم کرے گی۔ اگلے سال جنوری سے ہر ہفتے حکومت مقامی طبی انتظامیہ کو  ویکسین کی سات لاکھ خوراکیں فراہم کرے گی۔

ب ج، ع ح  (روئٹرز، ڈی پی اے)