1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: کریفیلڈ کے چڑیا گھر میں آتشزدگی، درجنوں جانور ہلاک

1 جنوری 2020

جرمن شہر کریفیلڈ کے چڑیا گھر میں لگنے والی آگ نے بندروں کے لیے مخصوص حصے کو جلا کر راکھ کر دیا۔ وہاں رکھے گئے جانوروں کو بچانے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں۔ شبہ ہے کہ یہ آگ سال نو کے موقع پر آتش بازی کی وجہ سے لگی۔

https://p.dw.com/p/3VYhm
Deutschland Brand in Krefelder Zoo - alle Tiere im Affenhaus tot
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Young

جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر کریفیلڈ کے چڑیا گھر کی انتظامیہ نے آج یکم جنوری بدھ کی صبح اپنے ایک بیان میں بتایا،''ہمارا بدترین خوف حقیقت بن کر سامنے آ گیا۔ بندروں کے گھر (ایپ ہاؤس) میں کوئی بھی جانور زندہ نہ بچا۔‘‘ فیس بک پر جاری کردہ اس بیان میں نصف شب کے وقت پیش آنے والے اس واقعے کو ایک 'بڑا سانحہ‘ قرار دیا گیا ہے۔

Deutschland Brand in Krefelder Zoo - alle Tiere im Affenhaus tot
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Young

بتایا گیا ہے کہ اس آگ کی وجہ سے تیس سے زائد جانور ہلاک ہو گئے۔ چڑیا گھر کے 'بندروں کا گھر‘ کہلانے والے حصے میں مختلف نسل کے اورنگاٹان (انسانوں سے مشابہت رکھنے والے بندر)، چمپنزی، گوریلے، مرکٹ (چھوٹی نسل کے بندر) اور کئی مختلف اقسام کی چمگاڈروں اور پرندوں کو بھی رکھا گیا تھا۔

اس حصے کے ساتھ والے حصے میں بنے پنجروں میں گوریلے رکھے گئے تھے۔ فائر بریگیڈ کے کارکن ان گوریلوں کو بچانے میں کامیاب رہے۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ نے بتایا کہ گزشتہ شب بارہ بج کر اڑتیس منٹ پر لوگوں کی جانب سے فائر بریگیڈ کو اس آگ کے بارے میں مطلع کیا گیا۔ اس کے چند ہی منٹ بعد آگ بجھانے والا عملہ اس چڑیا گھر میں پہنچ چکا تھا۔تاہم تب تک 'مونکی ہاؤس‘ مکمل طور پر شعلوں کی لپیٹ میں آ چکا تھا۔

Deutschland Brand in Krefelder Zoo - alle Tiere im Affenhaus tot
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Young

اس موقع پر فائر بریگیڈ کے عملے نے چڑیا گھر کے دیگر حصوں کو شعلوں سے محفوظ رکھنے کی کوشش کی۔ ایک گرین ہاؤس کی طرز پر تعمیر کردہ اس عمارت کا افتتاح 1975ء میں ہوا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ عمارت اپنی بنیادوں تک مکمل طور پر جل گئی ہے۔

ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ آگ کیسے لگی۔ تاہم جرمن نشریاتی ادارے( ڈبلیو ڈی آر) کے ذرائع نے بتایا کہ نئے سال کے موقع پر کی جانے والی آتش بازی ممکنہ طور پر اس کی وجہ ہو سکتی ہے۔ جرائم کی روک تھام کرنے والے جرمن ادارے بی کے اے نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس سانحے کے بعد آج بدھ کے روز یہ چڑیا گھر بند رہے گا۔

ع ا  / م م ( ڈی ڈبلیو)