جرمنی کی اگلی مخلوط حکومت کا اصولی معاہدہ طے
24 اکتوبر 2009ہفتہ کے روز جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے اتحادی جماعت فری ڈیمو کریٹک پارٹی کے لیڈر گیڈو ویسٹر ویلے اور کرسچین سوشل یونین کے سربراہ زی ہوفرکے ساتھ دارالحکومت برلن میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں نئی حکومت کے خدوخال کا اعلان کیا۔
کل اتوار کو مخلوط حکومت کے اتحادیوں کی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہو رہا ہے۔ پیر کو مخلوط حکومت کے قیام کے سلسلے میں طے پانے والے معاہدے کی حتمی منظوری دی جائے گی۔ حکومتی سازی پر معاہدے کی منظوری کے بعد جرمن پارلیمنٹ اگلی بدھ کو انگیلا میرکل کو دوسری مدت کے لئے چانسلر نامزد کرے گی۔ چانسلر میرکل اور اُن کی نئی کابینہ پارلیمنٹ سے منتخب ہونے کے بعد اُسی روز حلف بھی اٹھا لے گی۔
پریس کانفرنس بات چیت کے آخری راؤنڈ کے مکمل ہونےکے بعد ہفتہ کی صبح شروع کی گئی۔ حکومت سازی پر تمام معاملات طے پانے میں مخلوط پارٹیوں میں بات چیت کا عمل تقریباً ایک ماہ پر محیط تھا۔
انگیلا میرکل نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اُنہیں یقین ہے کہ اُن کی ٹیم اچھی ہے اور مستقبل کی جانب جرمنی کا سفر پر اعتماد ہو گا۔ میرکل کا مزید کہنا تھا کہ اُن کی اگلی حکومت، دورانی عرصے میں حل طلب معاملات کو بہادری کے ساتھ طے کرے گی۔
میرکل کے خیال میں اگلے دو سالوں کے دوران اقتصادی مشکلات پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی تا کہ ملکی اقتصادیات کو استوار کیا جا سکے۔ پریس کانفرنس میں ٹیکسوں میں اضافے کی جگہ پائیدار ترقی کو اہم قرار دیا گیا۔ ویسٹر ویلے نے بھی اگلی حکومت کو جرمنی کے لئے مفید قرار دیا اور جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے کہا کہ وہ اِن کو ملک سے باہر کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور جرمنی کو جوہری ہتھیاروں سے پاک ملک بنا دیا جائے گا۔ چانسلر میرکل نے بھی اِس مناسبت سے کہا کہ امریکی حکومت سے کہا جائے گا کہ وہ اپنے جوہری میزائیل جرمنی سے باہر کسی اور جگہ منتقل کرے۔ اِس سلسلے دفاعی اتحاد نیٹو سے بھی بات چیت کی جائے گی۔
مخلوط حکومت کے کلیدی نکات میں ٹیکس کی مد میں چھوٹ دینے کو اہم خیال کیا جا رہا ہے۔ اِس پر عمل اگلے سال کی پہلی تاریخ سے ہو گا۔ جرمن چانسلر کے مطابق ٹیکسوں میں کمی سے خاندانوں پر بوجھ میں کمی واقع ہو گی۔
حکومت سازی کے لئے جن دوسرے معاملات پر بات طے ہوئی ہے اُن میں صحت عامہ کے لئے خصوصی فنڈ مخصوص کرنے کے علاوہ لازمی فوجی سروس میں کٹوتی ہے۔ قانونی سازی مکمل ہونے پر جرمن فوج میں لازمی ڈیوٹی سرانجام دینے کی مدت نو سے چھ ماہ کر دی جائے گی۔
پریس کانفرنس میں نئی مخلوط حکومت میں وزراء کے محکموں کا بھی اعلان کیا گیا۔ نئی حکومت میں گیڈو ویسٹر ویلے نائب چانسلر کے علاوہ وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالیں گے۔ موجودہ وزیر اقتصادیات کارل تھیوڈور سو گٹن برگ نئی حکومت میں وزیر دفاع ہوں گے۔ میرکل کی سیاسی پارٹی کے سینئر ساتھی وولف گانگ شوئبلے وزارت خزانہ کے انچارج ہوں گے۔ چانسلر میرکل کی نئی کابینہ میں سولہ وزراء لئے جا رہے ہیں جن میں نو افراد نئے ہوں گے۔
ستائیس ستمبر کے انتخابات کے بعد میرکل نے فری ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ مخلوط حکومت سازی کی بات چیت کا عمل شروع کیا تھا جو کامیابی پر ہمکنار ہوا ہے۔
رپورٹ :عابد حسین قریشی
ادارت :شادی خان سیف