1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جمیکا میں طاقتور اسمگلر کی تلاش، 60 افراد ہلاک

26 مئی 2010

بحیرہ کیربین کے ملک جمیکا کے دارالحکومت کنگسٹن میں ایک بااثر اور طاقتور اسمگلر کرسٹوفر ’ڈوڈس‘ کوک کی تلاش کے باعث حکومتی سیکیورٹی فورسز اور ’ڈوڈس‘ کے حامیوں کے درمیان باقاعدہ جنگ کی کیفیت پائی جاتی ہے۔

https://p.dw.com/p/NX4g
اسمگلر ڈوڈس کے حامیوں کا جلوستصویر: AP

بحیرہ کیربین کی ریاست جمیکا کا دارالحکومت کنگسٹن باقاعدہ طور پر ایک کرائم سٹی کی شہرت رکھتا ہے۔ کنگسٹن کو بیرونی دنیا میں ’قتل کے واقعات کا دارالحکوت‘ بھی کہا جاتا ہے۔

کرسٹرفر ڈوڈس کوک کی ابھی تک جاری تلاش کے نتیجے میں حکومتی دستوں اور اس اسمگلر کے مسلح کارندوں کے درمیان خونریز جھڑپوں میں طبی ذرائع کے بقول اب تک ساٹھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد 27 ہے۔ ان کے علاوہ بے شمار افراد زخمی ہیں۔

طاقتور ’ڈرگ لارڈ‘ کرسٹوفر ڈوڈس منشیات کی سمگلنگ کے الزامات کے تحت امریکہ کو مطوب ہے۔ جمیکا کے وزیر اعظم بروس گولڈنگ نے ابھی حال ہی میں باقاعدہ اعلان کر دیا تھا کہ ڈوڈس کو حراست میں لے کر امریکہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں امریکہ حوالگی کی دستاویز پر گزشتہ ہفتے کے دوران دستخط کر دئے گئے تھے۔ جمیکا کی پولیس کرسٹوفر ڈوڈس کی تلاش میں چھاپوں پر چھاپے مارتی چلی جا رہی ہے۔

ڈوڈوس کی تلاش کے سلسلے میں جمیکا کی پولیس نے کنگسٹن شہر کے غریب آبادی والے علاقے ٹیوولی گارڈن میں کئی بار چھاپے مارے ہیں۔ ٹیوولی گارڈن کے علاوہ دوسرے ایسے علاقے گن بیٹل کی وجہ سے جنگ کی صورت حال پیش کر رہے ہیں۔ مسلسل گولیاں چلنے کی آوازوں نے خوف و ہراس کی قضا قائم کر رکھی ہے۔

طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں اور لاشوں سے لدے تین ٹرک شہر کے مختلف ہسپتالوں میں پہنچائے گئے ہیں۔ ان میں نوزائیدہ بچوں کی لاشیں بھی شامل ہیں۔ ان معصوم شہریوں کی ہلاکت پر حکومت کی جانب سے تاسف کا اظہار کیا گیا ہے۔

Jamaika West Kingston
سیکیورٹی دستوں کی آرمرڈ گاڑی کی زد میں آنے والی موٹر کارتصویر: AP

جمیکا میں قومی سلامتی کے وزیر ڈوائٹ نیلسن نے کوک کی گرفتاری سے آخری خبریں آنے تک معذوری ظاہر کی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ کنگسٹن کی غریب اور پسماندہ آبادیوں میں کرسٹوفر کوک کو ایک ہیرو اور ان داتا کا درجہ حاصل ہے۔ بین الاقوامی اسمگلر کوک خود بھی اپنے آپ کو ایک تاجر قرار دیتا ہے۔ ایک پراسراریت کوک کی شخصیت کے گرد گھومتی ہے۔

بیالیس سالہ مائیکل کرسٹوفر کوک منشیات کی دنیا میں ’ڈُوڈس‘ کے نام سے مشہور ہے۔ وہ دنیا کے انتہائی مطلوب جرائم پیشہ افراد میں شمار کیا جاتا ہے۔ ڈوڈس انتہائی سفاک انسان سمجھا جاتا ہے، جو اپنے مخالفین کے ساتھ کسی بھی قسم کے رحم کے برتاؤ کو منشیات کی سمگلنگ کے قواعد کے منافی خیال کرتا ہے۔ وہ منشیات کی سمگلنگ کے علاوہ منظم جرائم اور اسلحے کی غیر قانونی ترسیل میں بھی ملوث ہے۔

ڈوڈس کے جرائم پیشہ گروپ کا نام ’شاور پوسے‘ ہے جو جمیکا کے دارالحکومت کنگسٹن کے علاوہ امریکی شہر نیویارک میں بھی فعال ہے۔ ڈوڈس کا باپ لیسٹر لائیڈ کوک بھی ایک بدنامِ زمانہ ڈرگ اسمگلر تھا۔ ڈوڈس کے جمیکا میں حکمران سیاسی جماعت جمیکا لیبر پارٹی کے ساتھ گہرے مراسم بتائے جاتے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک