1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنونی لوگوں کی جوہری مواد تک رسائی کو روکنا ہو گا، اوباما

امجد علی1 اپریل 2016

واشنگٹن میں منعقدہ عالمی جوہری کانفرنس کے دوسرے اور آخری روز امریکی صدر باراک اوباما نے کہا کہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ جیسے گروپوں کے جنونی لوگوں کو جوہری یا ’ڈرٹی بم‘ کی دسترس میں آنے سے روکنے کے لیے مزید تعاون درکار ہے۔

https://p.dw.com/p/1IOGP
Washington Obama Kerry Iran Atomabommen
امریکی صدر باراک اوباما اور اُن کے وزیر خارجہ جان کیری (دائیں)تصویر: picture-alliance/dpa/Jim Lo Scalzo

امریکی دارالحکومت میں اکتیس مارچ کو شروع ہونے والی اس دو روزہ کانفرنس میں جمع پچاس سے زیادہ عالمی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے اوباما نے کہا کہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی جانب سے منظرِ عام پر آنے والی اُس ویڈیو سے دہشت گردوں کے عزائم کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے، جس میں انہیں بیلجیم کے ایک ایٹمی سائنسدان اور کیمیائی اور جراثیمی ہتھیاروں پر نظر رکھتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اوباما نے کہا: ’’ہماری مشترکہ کوششوں ہی کی وجہ سے ابھی تک کوئی دہشت پسند گروپ ایٹم بم یا جوہری مواد سے تیار شُدہ ’ڈرٹی بم‘ کی دسترس میں نہیں آ سکا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اگر ایٹم بم یا جوہری مواد ان جنونیوں کے ہاتھ لگ گیا تو وہ اسے یقینی طور پر زیادہ سے زیادہ معصوم انسانوں کو ہلاک کرنے کے لیے استعمال کریں گے۔‘‘

واشنگٹن میں اس کانفرنس کا اہتمام پیرس اور برسلز میں کیے جانے والے اُن دہشت گردانہ حملوں کے بعد کیا گیا ہے، جن میں درجنوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور جن کی وجہ سے یہ بات عیاں ہو کر سامنے آ گئی کہ یورپی ممالک اس طرح کے حملوں کو روکنے یا عراق اور شام سے لوٹ کر آنے والے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے عسکریت پسندوں پر نظر رکھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

امریکی صدر نے یہ بھی بتایا کہ دنیا بھر میں اندازاً دو ہزار ٹن جوہری مواد موجود ہے اور ایسا نہیں ہے کہ یہ سارا ہی مواد مناسب طریقے سے محفوظ بھی ہے۔ اوباما نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسا بم بھی پوری دنیا کو ہلا کر رکھ سکتا ہے، جس میں محض ایک سیب کے سائز کے برابر جوہری مواد استعمال کیا گیا ہو: ’’پلوٹونیم کی کم سے کم مقدار بھی لاکھوں انسانوں کو ہلاک اور زخمی کر سکتی ہے اور ایسا ہوا تو یہ انسانی، سیاسی، اقتصادی اور ماحولیاتی ہر اعتبار سے ایک ایسی بڑی تباہی ہو گی، جس کے نتائج کا دنیا عشروں تک سامنا کرتی رہے گی۔ ایسا کوئی بھی واقعہ ہماری دنیا کو بدل کر رکھ دے گا۔‘‘

چونکہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن اس کانفرنس میں شریک نہیں ہوئے، اس لیے جوہری ہتھیاروں میں تخفیف کے ایک بڑے معاہدے پر پیشرفت نہیں ہو سکی البتہ اس کانفرنس کے دوران ایسے متعدد تکنیکی اقدامات طے کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے خطرناک جوہری مادوں کی سکیورٹی اور جانچ کو بہتر بنایا جا سکے گا اور ان کے استعمال میں کمی لائی جا سکے گی۔

Symbolbild Islamischer Staat
اوباما نے کہا:’’اگر ایٹم بم یا جوہری مواد ان جنونیوں کے ہاتھ لگ گیا تو وہ اسے یقینی طور پر زیادہ سے زیادہ معصوم انسانوں کو ہلاک کرنے کے لیے استعمال کریں گے‘‘تصویر: picture-alliance/AP Photo

اس کانفرنس کے دوران امریکا اور جاپان نے یہ اعلان بھی کیا کہ اُنہوں نے ایک جاپانی ریسرچ مرکز سے تمام افزودہ یورینیم اور پلوٹونیم فیول ہٹانے کا وہ کام مکمل کر لیا ہے، جس پر ایک طویل عرصے سے کام جاری تھا۔

اوباما نے اس طرح کی پہلی جوہری کانفرنس تقریباً چھ سال پہلے منعقد کی تھی۔ تب اس کانفرنس سے کچھ ہی پہلے اُنہوں نے 2009ء میں چیک جمہوریہ کے دارالحکومت پراگ میں تقریر کرتے ہوئے دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے بلند بانگ نصب العین کا ذکر کیا تھا۔

اوباما نے اپنی نوعیت کی اس چوتھی اور آخری جوہری کانفرنس کا اہتمام ایک ایسے وقت پر کیا ہے، جب اُن کی مدتِ صدارت ختم ہونے میں محض دَس مہینے باقی رہ گئے ہیں۔ آیا اُن کے بعد امریکی صدر کے عہدے پر منتخب ہونے والی شخصیت اس کانفرنس کو جاری رکھے گی، یہ بات یقین سے نہیں کہی جا سکتی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید