1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’جنگلاتی آگ اور گلوبل وارمنگ میں ربط ہے‘

عاطف بلوچ22 اکتوبر 2013

اقوام متحدہ کے ماحولیاتی سیکریٹریٹ کی سربراہ نے کہا ہے کہ جنگلات میں بھڑکنے والی آگ اور شدید گرم موسم کاگلوبل وارمنگ سے ربط ہے۔ اسی اثناء آسٹریلیا میں بھڑکنے والی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/1A3pw
تصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اقوام متحدہ کے تحفظ ماحولیات کے پروگرام UNFCCC کی ایگزیکٹو سیکریٹری کرسٹیانا فگیریس کے حوالے سے بتایا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے اور جنگلاتی آگ میں ایک تعلق ہے۔ فگیریس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب آسٹریلیا کے نومنتخب وزیر اعظم ٹونی ایبٹ کی انتظامیہ ملک کے مغربی جنگلات میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس آگ کے نتیجے میں ایک شخص اس وقت مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا جب وہ اپنے گھر کو آگ سے بچانے کی کوشش میں تھا۔

فائر فائٹرز سڈنی کے مغربی پہاڑی علاقوں میں منگل کے دن بھی آگ پر قابو پانے کی کوشش میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو ان علاقوں میں تیز گرم ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے یہ آگ مزید پھیل سکتی ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ مختلف حصوں میں بھڑکنے والی آگ کو بھجانے کے لیے ہزاروں فائر فائٹرز، سینکڑوں فائر انجن اور 90 ایئر کرافٹ مصروف عمل ہیں۔ اب تک یہ آگ تین لاکھ ایکڑ اراضی کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے اور خطرہ ہے کہ تیز ہوا سے یہ مزید پھیل سکتی ہے۔

Bildergalerie Frauen Umweltschutz
اقوام متحدہ کے ماحولیاتی سیکریٹریٹ کی سربراہ کرسٹیانا فگیریستصویر: picture-alliance/dpa

امریکی نیوز ٹیلی وژن چینل سی این این پر انٹرویو دیتے ہوئے کرسٹیانا فگیریس نے کہا کہ اگرچہ عالمی موسمیاتی آرگنائزئشن ابھی تک وائلڈ فائر اور تبدیلی ماحول میں کوئی براہ راست ربط تلاش نہیں کر سکی ہے لیکن یہ بات واضح ہے کہ ایشیا، یورپ اور آسٹریلیا میں گرم موسم میں شدت پیدا ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی سیکریٹریٹ کی سربراہ فگیریس نے مزید کہا کہ سائنس بتاتی ہے کہ گرم موسم کے یہ طویل دورانیے جاری رہیں گے اور ان کی شدت میں بھی اضافہ ہو گا۔

آسٹریلوی حکام کے مطابق 2013ء ملکی تاریخ کا گرم ترین برس ہو گا۔ کلائمٹ کونسل نامی ایک غیر سرکاری ادارے کے مطابق اب تک آسٹریلیا میں گرم ترین سال 2005ء تھا۔ گزشتہ ستمبر کا مہینہ آسٹریلیا میں ریکارڈ کیے جانے والا سب سے زیادہ گرم مہینہ تھا۔ آسٹریلیا میں بھڑکنے والی اس تازہ آگ کے بعد یہ بحث ایک مرتبہ پھر شروع ہو گئی ہے کہ آیا گلوبل وارمنگ اور جنگلاتی آگ میں کوئی رشتہ ہے یا نہیں۔

فگیریس کے بقول ٹونی ایبٹ کی طرف سے ضرر رساں گیسوں پرعائد ٹیکس کے قانون کو منسوخ کرنا کافی مہنگا سیاسی فیصلہ ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا، ’’ ہم پہلے ہی ضرر رساں گیسوں کی قیمت چکا رہے ہیں۔ ہم جنگلات میں بھڑکنے والی آگ اور خشک سالی کی قیمت چکا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے یہ زور بھی دیا کہ سبز مکانی گیسوں پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کی ضرورت ہے۔