جونیئر ٹرمپ کی گرل فرینڈ بھی کورونا کا شکار
4 جولائی 2020امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کی سابقہ پریزینٹر کمبرلی گوئلفوائل اپنے ڈیٹنگ پارٹنر ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کے ہمراہ ساؤتھ ڈکوٹا میں امریکی صدر کی آج چار جولائی کی تقریر اور آتش بازی جشن کی تقریب میں شرکت کے لیے ماؤنٹ رشمور پہنچی تھیں۔ اکیاون سالہ گوئلفوائل کو کورونا وائرس کے معائنے کے بعد فوری طور پر آئسولیٹ کر دیا گیا۔ نیو یارک ٹائمز کی خبر کے مطابق، صدر ٹرمپ کے ساتھ رابطے میں آنے والے تمام افراد کا کووڈ ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔
صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کی مالیاتی کمیٹی کے چیف آف اسٹاف سرگیو گور نے ایک امریکی اخبار کو بتایا ہے کہ کمبرلی نے احتیاطی طور پر اپنی تمام مصروفیات منسوخ کردی ہیں۔ گور کے بقول، ’’ان (کمبرلی) کی طبعیت اب بہتر ہے اور کورونا وائرس کی تشخیص کی دوبارہ تصدیق کرنے کے لیے ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ کیا جائےگا۔‘‘
مزید پڑھیے: جہاں تک ماسک پہنے کا تعلق ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کوئی مثالی کردار ادا نہیں کر رہے
سرگیو گور کے مطابق صدر ٹرمپ کے بیٹے ٹرمپ جونیئر میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی ہے تاہم ان کو بھی احتیاطاﹰ سیلف آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں امریکی میڈیا میں بتایا جا رہا ہے کہ کمبرلی گوئلفوائل، ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی رابطے میں آنے والی ایسی تیسری شخصیت ہیں، جو کووڈ پازیٹیو ہیں۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ کے ذاتی ملازم اور امریکی نائب صدر کے پریس سیکرٹری میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:سلامتی کونسل: متنازعہ ’کورونا قرارداد‘ منظور
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والے ممالک میں امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ امریکا میں اب تک کورونا وائرس کے سبب تقریباﹰ ایک لاکھ تیس ہزار جانوں کا نقصان ہو چکا ہے۔ ملک بھر میں تقریبا اٹھائیس لاکھ افراد کووڈ انیس کا شکار ہو چکے ہیں۔ وبائی امراض کے ماہر انتھونی فوکی کے مطابق کیسز میں حالیہ اضافہ نے ’پورے ملک کو خطرہ میں ڈال دیا ہے۔‘
ع آ / ا ب ا (اے ایف پی)