1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی ایٹ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس، لیبیا اور جاپان ایجنڈے پر

14 مارچ 2011

ترقی یافتہ ملکوں کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج پیر سے فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں شروع ہو رہا ہے۔ اس دو روزہ اجلاس کے ایجنڈے پر لیبیا کی صورت حال اور جاپانی زلزلے کو یقینی طور پر فوقیت حاصل ہو گی۔

https://p.dw.com/p/10Yc5
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزیتصویر: AP

ترقی یافتہ ملکوں کے گروپ ایٹ کے اجلاس کی شروعات فرانسیسی صدر سارکوزی کے کلیدی خطاب سے ہو گی۔ اس کے بعد شرکاء ورکنگ ڈنر میں بات چیت کا عمل جاری رکھیں گے۔ مختلف اہم معاملات پر سیر حاصل گفتگو منگل کو شیڈیول ہیں۔

اس اجلاس کے ایجنڈے پر کئی دیگر معاملات کے ساتھ لیبیا کی مخدوش داخلی صورت حال کے ساتھ ساتھ جاپان میں زلزلے اور سونامی کے بعد کی صورت حال کو وزرائے خارجہ یقینی طور پر فوقیت دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

Japan neuer Außenminister Takeaki Matsumoto in Tokio
جاپانی وزیر خارجہ Takeaki Matsumotoتصویر: dapd

جاپان کے وزیر خارجہ Takeaki Matsumoto اپنے ملک میں زلزلے کے بعد کی صورت حال کی وجہ سے اس اجلاس میں شرکت کا کوئی واضح فیصلہ نہیں کر سکے ہیں۔ دنیا کے آٹھ بڑے صنعتی ملکوں کے خارجہ امور کے وزیر جاپان کے لیے امداد کے عمل میں مشترکہ تعاون کے حوالے سے باہمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ اجلاس کے ایجنڈے پر جاپان کے لیے مختلف النوعیت ماہرین روانہ کرنے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس دوران فرانسیسی وزیر خارجہ Alain Juppe نے بھی جاپانی حکام کو جوہری سیفٹی کے ایکسپرٹ روانہ کرنے کی پیشکش کی ہے۔

اس اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن امکانی طور پر لیبیا کے حوالے سے امریکی نکتہ نگاہ کی یورپی تناظر میں وضاحت پیش کریں گی۔ وہ اپنے یورپ میں قیام کے دوران پیرس میں لیبیا کی قدافی مخالف لبریشن کونسل کے اراکین سے ملاقات بھی کریں گی۔ لیبیا کے باغیوں کو تسلیم کرنے والا فرانس واحد ملک ہے۔ فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے قدافی کی حکومت کے اہداف کو فضائی کارروائی سے نشانۃ بنانے کو بھی تجویز کر رکھا ہے۔ امریکہ اور جرمنی تاحال سارکوزی کی تجاویز کی کھل کر حمایت نہیں کر رہے ہیں۔ اس معاملے پر یورپی یونین کی خارجہ امور کی چیف کیتھرین ایشٹن بھی جی ایٹ کے اجلاس میں شرکت کریں گی۔

جی ایٹ کے وزرائے خارجہ کا پیرس میں منعقد ہونے والا یہ اجلاس گروپ کے ملکوں کے سربراہ اجلاس کے لیے بنیادی ایجنڈے کو بھی حتمی شکل دینے کی کوشش کرے گا۔ جی ایٹ کے ممالک کے لیڈران کا اجلاس مئی میں شیڈیول ہے اور اس کی میزبانی کا اعزاز فرانسیسی شہر دُویل کو حاصل ہے۔ فرانس کا شمالی شہر دُویل (Deauville) ساحل سمندر پر واقع ایک معتبر سیاحتی مقام تصور کیا جاتا ہے۔ یہ شہر بین الاقوامی میٹنگوں کی میزبانی کی وجہ سے بھی شہرت رکھتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں