جی ٹوئنٹی سمٹ کے چند اہم پہلو
1 دسمبر 2018بیونس آئرس سربراہ اجلاس کے مختلف سیشنز کے ساتھ ساتھ اس کے حاشیے میں لیڈران کی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ امریکی صدر نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ یوکرائنی تنازعے کے تناظر میں ملاقات کو منسوخ کر دیا ہے۔ اس کانفرنس کے چند اہم پہلو درج ذیل ہیں:۔
جمال خاشقجی کا قتل اور سعودی ولی عہد
سعودی صحافی جمال خاشقجی کے استنبول میں قتل کیے جانے کے بعد سعودی ولی عہد کی اس سمٹ میں شرکت کو غیر معمولی انداز میں دیکھا گیا۔ وہ سمٹ کے افتتاحی اجلاس کے بعد انہوں نے اسٹیج پر بقیہ لیڈران کے ساتھ مصافحہ کیا۔ اُن کا روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ہاتھ ملانے اور ہنس ہنس کر باتیں کرنے کو میڈیا نے خاصا اہم خیال کیا ۔ فرانسیسی صدر کے ساتھ مختصر ملاقات میں دونوں کے چہرے کے تاثرات خاصے گھمبیر دکھائی دیے۔
چینی صدر اور محمد بن سلمان کی ملاقات
چین کے صدر شی جن پنگ کے مطابق سعودی عرب کا استحکام خلیج فارس کے علاقے میں امن و خوشحالی و ترقی کے لیے اہم ہے۔ ارجنٹائن میں جاری جی ٹوئنٹی سمٹ کے حاشیے میں چینی صدر نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا۔ پنگ نے واضح کیا کہ اُن کا ملک سعودی عرب میں اقتصادی کثیر الجہتی و معاشرتی اصلاحات کے عمل کی بھرپور حمایت و تائید کرتا ہے۔
ماکروں اور پوٹن کی ملاقات
روسی و فرانسیسی صدور کی ملاقات میں ولادیمیر پوٹن نے ایک نقشے کی مدد سے اپنے فرانسیسی ہم منصب پر واضح کیا کہ یوکرائنی نیوی نے آبنائے کیرچ میں روسی سمندری حدود کی کھلی خلاف ورزی کی تھی۔ اس روسی الزام کی یوکرائنی حکومت تردید کرتی ہے۔
نافٹا کی جگہ نیا تجارتی معاہدہ
امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے رہنماؤں نے ایک نئے تجارتی سمجھوتے پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ تجارتی ڈیل سابقہ معاہدے نافٹا (NAFTA ) کی جگہ طے پائی ہے۔ اس نئے تجارتی سمجھوتے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے نئی ڈیل کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ امریکی ورکرز کے لیے بہتر مواقع پیدا کرے گی۔
جاپانی وزیراعظم کی ٹرمپ کی تعریف یا خوشامد
ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکشن جیتنے کے بعد سے جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے امریکی صدر کے ساتھ گرمجوش تعلقات کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ بیونس آئرس میں آبے کی جانب سے امریکی صدر کو وسط مدتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد کو بعض میڈیا نے خوشامد قرار دیا۔ ٹرمپ سے ملاقات پر آبے نے پرزور الفاظ میں امریکی صدر کی سینیٹ میں عددی برتری قائم رکھنے پر بھی مبارک دی۔ وسط مدتی الیکشن میں ایوانِ نمائندگان میں ٹرمپ کو بھاری شکست کا سامنا رہا۔