1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی ٹوئنٹی کانفرس: سارکوزی کے واک آؤٹ کا امکان

14 ستمبر 2009

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی اگلے ہفتے منعقد ہونے والی G20 کی سربراہی کانفرنس سے، اس اجلاس میں بینکاروں کے مالی بونسوں پر پابندی کے لئے کوئی حتمی لائحہ عمل طے نہ ہونے پر واک آؤٹ کر سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Jeeu
تصویر: AP

دنیا کے 20 بڑے صنعتی ملکوں کی تنظیم G20 کی دو روزہ سربراہی کانفرنس 24 ستمبر سے امریکی شہر پٹسبرگ میں شروع ہوگی۔ اس کانفرنس میں بین الاقوامی سطح پر نئے اور سخت عالمی مالیاتی قواعد و ضوابط کے نفاذ پر بات چیت کی جائے گی۔

G 20 Gipfelteilnehmer in London
جی ٹوئینٹی ممالک کے سربراہان کا گروپ فوٹوتصویر: AP

یورپی ممالک، خاص طور سے فرانس کا مطالبہ ہے کہ اعلیٰ عہدوں پر فائز بینکاروں کو بڑے بڑے مالی بونس دینے کی پالیسی ترک کی جائے، کیونکہ اسی وجہ سے ہی گزشتہ سال عالمی مالیاتی بحران شروع ہوا تھا۔ پیرس میں صدارتی محل کے ایک اعلٰی اہلکار نے بتایا کہ صدر سارکوزی اس سربراہی کانفرنس میں بینکاروں کے معاملے میں باقاعدہ فیصلے کئے جانے کے سلسلے میں بہت سنجیدہ ہیں اور اگر یہ معاملہ طے نہ پایا تو بہت ممکن ہے کہ نکولا سارکوزی جی ٹوئنٹی کے اس اجلاس سے واک آؤٹ کرجائیں۔

پیرس میں صدارتی محل کے اس اہلکار کے مطابق سارکوزی اگلے ہفتے پٹسبرگ میں G20 کے سربراہی اجلاس میں اُسی طرح کے پختہ عزم کا مظاہرہ کریں گے، جیسا انہوں نے چند ماہ قبل لندن منعقدہ اس گروپ کی سربراہی کانفرنس میں صنعتی ٹیکسوں کے معاملے پر کیا تھا۔

نکولا سارکوزی کے موقف کو یورپی یونین کے ممالک میں بہت پذیرائی ملی ہے، تاہم امریکہ اور برطانیہ کو اس بارے میں فرانسیسی صدر کی سوچ سے واضح اختلاف ہے۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: مقبول ملک