حج 2022: تصویری جھلکیاں
رواں سال دنیا بھر سے تقریباً دس لاکھ مسلمانوں نے فریضہ حج ادا کیا۔ گزشتہ دو برسوں میں یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سن 2020 میں صرف ایک ہزار جبکہ گزشتہ برس 60 ہزار خوش قسمت مسلمانوں کو حج کا موقع ملا تھا۔
خطبہ حج
اس برس حج کا خطبہ شیخ محمد بن الکریم العیسٰی نے دیا جسے براہ راست چودہ زبانوں میں نشر کیا گیا۔ اسرائیل نواز سمجھے جانے والے شیخ عیسی کا کہنا تھا کہ منافرت اور بغض سے اجتناب اسلامی تعلیمات کا حصہ ہے اور مسلم امت کو چاہیے کہ ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے۔ خطبہ حج یوم عرفہ کو مسجد نمرہ میں دیا جاتا ہے۔
حج اکبر
امسال کے حج کو حج اکبر کہا گیا کیونکہ یوم عرفہ جمعہ کے روز تھا۔ عرفات کے میدان میں قیام حج کا اہم رکن ہے۔ یہیں جبل رحمت ہے جہاں سے پیغمبر اسلام نے آخری خطبہ حج دیا تھا۔ عازمین یہاں خصوصی دعائیں اور رو رو کر اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں۔
اسلام کا اہم رکن
فریضہ حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے۔ ہر بالغ صاحب اسطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ حج کرنا فرض ہے۔ دنیا کے کونے کونے سے عام طورپر25 سے 30 لاکھ کے درمیان مسلمان فریضہ حج ادا کرنے کے لیے آتے ہیں۔ اس مرتبہ چیچنیا کے صدر رمضان قادروف نے بھی فریضہ حج ادا کیا۔
شیطان کو کنکریاں مارنا
رمی جمرات یعنی شیطان کو کنکریاں مارنا مناسک حج کا ایک رہم رکن ہے۔ ماضی میں رمی جمرات کے دوران بھگدڑ کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔ سعودی حکومت نے عازمین کی سہولت اور بھیڑ کو بہتر طورپر منظم کرنے کے لیے کئی پلوں کی تعمیر سمیت متعدد اقدامات کیے ہیں۔
خواتین کو محرم کے بغیر اجازت
سعودی عرب حکومت نے خواتین کو محرم کے بغیر فریضہ حج کی ادائیگی کی اجازت دے دی ہے۔ اسے ولی عہد محمد بن سلمان کے اصلاحی اقدامات میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔ تاہم بغیر محرم کے حج کے لیے خواتین کی عمر 45 برس سے زیادہ ہونا چاہیے۔
منی: خیموں کا شہر
حج کے دوران چند دنوں کے لیے منی میں خیموں کا سب سے بڑا شہر آباد ہو جاتا ہے۔ منی میں قیام حج کے ارکان میں سے ایک ہے۔ اس تصویر میں پس منظر میں نظر آنے والی مسجد 'مسجد خیف' ہے۔
سعودی عرب کی آمدنی کا اہم ذریعہ
حج اور عمرہ سے ہونے والی آمدنی سعودی عرب کی معیشت کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ عام حالات میں اس سے اسے سالانہ تقریباً 12ارب ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے۔ حج کے لیے ایک شخص کو اوسطاً کم از کم 5000 ڈالر خرچ کرنے پڑتے ہیں۔