حزب اللہ کی سرنگیں، اسرائیل کا کارروائی کا اعلان
4 دسمبر 2018اسرائیلی فوج کے ترجمان جوناتھن کونریکس نے بتایا ہے کہ حملے کے لیے استعمال ہونے والی یہ سرنگیں ابھی تک فعال نہیں ہو پائی تھیں۔ تاہم انہوں نے ان کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا اور نہ ہی یہ تفصیلات بتائیں کہ انہیں کس طرح سے تباہ کیا جائے گا۔
کونریکس نے یہ تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سرنگوں کے خاتمے کی کارروائی اسرائیلی سرزمین پر ہی ہو گی۔ ساتھ ہی انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ اس کے بعد شیعہ تنظیم حزب اللہ کے ساتھ کشیدگی میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسرائیل اور حزب اللہ 2006ء میں ایک جنگ بھی لڑ چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے آپریشن ناردن شیلڈ شروع کیا ہے تاکہ سرحد پار حملوں کے لیے بنائی جانی والی ان سرنگوں کو بے نقاب کیا جائے، جنہیں دہشت گرد تنظیم حزب اللہ نے لبنان سے اسرائیل میں داخل ہونے کے لیے کھودا ہے۔‘‘
عسکریت پسند فلسطینی تنظیم حماس پر بھی الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس نے بھی غزہ پٹی میں ایسی ہی سرنگیں کھودی ہوئی ہیں۔
ان سرنگوں کے خاتمے کے لیے یہ اعلان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے پیر تین دسمبر کی رات دیر گئے ملاقات کی تھی۔