1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ ہاشم صفی الدین ہلاک، اسرائیل

23 اکتوبر 2024

اسرائیل کا کہنا ہے کہ صفی الدین رواں ماہ کے آغاز پر جنوبی بیروت میں حزب اللہ کے 25 دیگر ارکان کے ہمراہ مارے گئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے لبنان کے بندرگاہی سہر صُور پر تازہ فضائی حملے بھی کیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4m8hN
ہاشم صفی الدین
ہاشم صفی الدین تصویر: Daniel Carde/ZUMA/picture alliance

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے رواں ماہ کے آغاز پر بیروت کے باہر ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے ممکنہ آئندہ سربراہ ہاشم صفی الدین کو ہلاک کر دیا ہے۔ ہاشم صفی الدین کے بارے میں وسیع پیمانے پر یہ توقع کی جا رہی تھی کہ وہستمبر میں ایک اسرائیلی حملے میں حسن نصراللہ کی ہلاکت کے بعد اس لبنانی عسکریت پسند گروپ کی قیادت سنبھالیں گے۔

حزب اللہ کی جانب سے ایک طاقتور عالم ہاشم صفی الدین کی ہلاکت کے بارے میں فوری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی تھی، جو حزب اللہ کے بانیوں میں سے ایک اور حسن نصر اللہ کے جانشین سمجھے جاتے تھے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ صفی الدین اکتوبر کے اوائل میں حزب اللہ کے 25 دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مارے گئے تھے۔

 اسرائیلی فوج کے مطابق حالیہ مہینوں میں جنوبی لبنان میں اس کے فضائی حملوں میں حزب اللہ کے کئی سرکردہ رہنما مارے گئے ہیں، جس سے گروپ کی کاروائیوں میں خلل پڑا ہے۔

حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ  ستمبر میں کیے گئے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے تھے
حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ ستمبر میں کیے گئے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے تھےتصویر: Marwan Naamani/dpa/picture alliance

صُور پر اسرائیلی حملے

لبنان کے سرکاری میڈیا نے  بدھ کے روز بندرگاہی شہر صُور کی ایک سڑک پر اسرائیلی ڈرون حملے کی اطلاع دی ہے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں واقع اس شہر کے کئی علاقوں کے رہائشیوں کو انخلا کے احکامات جاری کیے تھے۔ لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی نے کہا کہ اسرائیلی ڈرون نے شہر کی ایک گلی کو نشانہ بنایا۔ اے ایف پی ٹی وی فوٹیج میں شہر سے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

صور دنیا کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک ہے اور لبنان کی مسیحی آبادی کا ایک بڑا حصہ بھی اسی شہر میں مقیم ہے۔ اسرائیلی فوج نے شہر کے مرکز کے کچھ حصوں کو نشانہ بنایا۔

اس دوران رہائشیوں سے کہا گیا کہ وہ دریائے آولی کے شمال میں محفوظ مقامات تلاش کریں، جو صور سے تقریباً 40 کلومیٹر دور ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ شہر میں اب بھی رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیلا ہو ا ہے اور کچھ حفاظت کی امید میں ساحل کی طرف بھاگ چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز اس شہر پر کم از کم چھ ہوائی حملے کیے گئے ہیں۔

اسرائیل ڈیفنس فورسز (IDF) کی جانب سے حملوں کے بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

لبنانی شہر صور پر اسرائیلی حملوں کے بعد دھوئیں کے بادل منڈلاتے ہوئے
لبنانی شہر صور پر اسرائیلی حملوں کے بعد دھوئیں کے بادل منڈلاتے ہوئے تصویر: Kawnat Haju/AFP/Getty Images

تل ابیب پر دوسرے روز بھی راکٹ حملے

 تل ابیب بدھ کو مسلسل  دوسرے روز بھی حزب اللہ کی طرف سے داغے گئے راکٹوں کے نشانے پر رہا۔ بدھ کی صبح شہر کے مرکز میں فضائی حملوں کے سائرن بجائے گئے اور جیسے ہی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، لوگوں کو پناہ گاہوں میں بھیج دیا گیا۔

حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تل ابیب کے شمال میں ایک اسرائیلی انٹیلی جنس مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان سے داغے گئے دو میزائلوں کو میزائل ڈیفنس نے ناکارہ بنا دیا ہے۔

جرمن وزیر خارجہ بیروت میں

جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک بدھ کو لبنانی حکام اور امدادی تنظیموں کے ساتھ بات چیت کے لیے بیروت پہنچی ہیں۔ بیئربوک ایک جرمن فوجی طیارے میں لبنانی دارالحکومت کے رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتریں۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس دورے کا پہلے سے اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملوں کے بعد شروع ہونے والی غزہ جنگ کے دوران بئیربوک کا لبنان کا یہ چوتھا دورہ ہے۔

جرمن وزیر خارجہ اینا لینا بئیر بوک
جرمن وزیر خارجہ اینا لینا بئیر بوک تصویر: Nadja Wohlleben/REUTERS

 تاہم ستمبر میں اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے ساتھ تنازعے میں وسعت کے بعد جنوبی لبنان میں زمینی حملوں اور بیروت میں فضائی حملوں کی لہر شروع ہونے کے بعد یہ جرمن وزیر خارجہ کا یہ بیروت کا پہلا دورہ ہے۔

 اسرائیل اور حزب اللہ کے مابین جاری لڑائی میں اب تک سینکڑوں لبنانی ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ حالیہ دنوں میں بیروت میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر  اسرائیلی حملے شدت اختیار کر گئے ہے۔ اسرائیل اور حزب اللہ کے مابین موجودہ تنازع لبنان میں سن 2006 کی جنگ کے بعد سب سے بڑی لڑائی ہے۔

ش ر ⁄ ا ا، ر ب (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)

بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹرز پر اسرائیلی حملے