بالی وُڈ: ’خانوں کی فلمیں مت دیکھو‘، ہندو لیڈر
2 مارچ 2015حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن سادھوی پراچی نے کہا ہے کہ ’خانوں کی فلموں سے ہمارے بچوں کی صحیح اخلاقی رہنمائی نہیں ہو رہی ہے‘۔
جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے نئی دہلی سے اپنے ایک جائزے میں لکھا ہے کہ بالی وُڈ کے چوٹی کے تین اداکاروں میں سے دو یعنی شاہ رُخ خان، عامر خان نے ہندو خواتین سے شادیاں کر رکھی ہیں جبکہ سلمان خان ابھی غیر شادی شُدہ ہیں۔
ڈی پی اے نے جریدے ’ہندوستان ٹائمز‘ کے حوالے سے بتایا ہے کہ سادھوی پراچی نے ان تاثرات کا اظہار اتوار یکم مارچ کو دہرہ دُون میں وشوا ہندو پریشد کے ایک اجتماع کے موقع پر کیا۔ پراچی نے کہا کہ یہ چوٹی کے اداکار ’لَوّ جہاد‘ کو فروغ دیتے ہیں۔
دائیں بازو کے کچھ ہندو رہنماؤں کا الزام ہے کہ مسلمان ہندو آبادی کو کم کرنے کی سازش کر رہے ہیں اور اپنے مردوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں کہ وہ ہندو خواتین کو اپنی طرف راغب کریں اور اُنہیں مذہب تبدیل کر کے اسلام قبول کرنے کی ترغیب دیں۔
2001ء میں ہونے والی مردم شماری کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بھارت کی اَسّی فیصد آبادی ہندو ہے جبکہ مسلمان مجموعی آبادی کا محض تیرہ فیصد بنتےہیں۔
ورلڈ ہندو کونسل یا وِشوا ہندو پریشد (VHP) کے اجتماع میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سادھوی پراچی کا مزید کہنا تھا:’’لَوّ جہاد بین المذاہب شادی کی ایک شکل نہیں ہے بلکہ مجرمانہ نیت سے کسی کے عقیدے کو جبراً تبدیل کروانے کا عمل ہے۔‘‘ اُنہوں نے کہا کہ ’ہندو تنظمیں اسے برداشت نہیں کریں گی‘۔
پراچی نے ’بجرنگیوں‘ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:’’جن لوگوں نے شاہ رُخ خان، سلمان خان اور عامر خان (کی تصاویر) کو اپنی دیواروں پر لگا رکھا ہے، مَیں اُنہیں کہتی ہوں کہ وہ اِنہیں دیواروں سے اتاریں اور جلا دیں۔‘‘
پراچی نے ہندوؤں سے اپیل کی کہ وہ نہ تو ایسی فلمیں دیکھیں، جن میں کسی بھی خان نے اداکاری کی ہو اور نہ ہی اپنی دیواروں پر اِن اداکاروں کے پوسٹر لگائیں۔ پراچی نے ’ہم دو اور ہمارے چار‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ ہندوؤں کو بچے بھی زیادہ پیدا کرنے چاہییں تاکہ وہ اپنی آبادی کو مستحکم رکھ سکیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق پراچی اس سے پہلے بھی اسی طرح کے ’متنازعہ‘ بیانات دے کر ہل چل پیدا کر چکی ہیں۔ اپنے ایک سابقہ بیان میں بھی پراچی نے زیادہ بچے پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہر ہندو خاتون کو چار بچے پیدا کرنے چاہییں، ایک سرحد کی حفاظت کے لیے، ایک سماج کی خدمت کے لیے، ایک سادھو سنتوں کے لیے اور ایک وِشوا ہندو پریشد کے لیے۔
سادھوی پراچی نے کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی پر بھی زور دیا کہ وہ کسی بھارتی لڑکی سے شادی کر کے اپنا گھر بسا لیں۔